لکھنؤ :
اترپردیش کانگریس مہنگائی، بے روزگاری، امن وامان ،کسانوں کے مسائل ،خواتین کے خلاف جرائم اور بدعنوانی کے خلاف پیر کو سڑک پر اتر آئی۔ پارٹی نے ’بی جے پی گدی چھوڑو‘کا نعرہ دیا ہے اور ریاست بھر میں کانگریسی کارکنان یوگی حکومت کے خلاف مظاہرے کررہے ہیں۔ 10 اگست کو بھی یہ مظاہرہ جاری رہے گا اور اس کے تحت حلقہ اسمبلی سطح پر پیدل یاترا نکالی جارہی ہے ۔
پیدل یاترا تمام 403 اسمبلی سیٹوں میں نکالی جارہی ہے ۔ پیدل یاترا کو کامیاب بنانے کے لیے کانگریس کی پردیش ،ضلع ،بلاک و شہر اکائیوں نے پوری طاقت جھونک دی تھی۔
کانگریس نے پردیش کے تمام بلاک سے لے کر پنچایتوں تک کمیٹیاں تشکیل دی ہیں اور پارٹی نے پوری طرح انتخاب میں اترنے کی تیاری کرلی ہے ۔ پردیش صدر اجے کمار للو نے کہاکہ کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کی قیادت میں پارٹی پورے دم کھم کے ساتھ الیکشن لڑے گی۔
کانگریس ’کسنے بگاڑا اترپردیش‘ کے نعرے کے ساتھ انتخابی بگل بھی پھونکنے جارہی ہے ۔ اس نعرے کے ذریعہ وہ یوگی سرکار کی ناکامیابیوں کے بار ے میں عوام کو بتائے گی۔ اس کے لیے پارٹی پورے پردیش میں تربیتی کیمپ لگائے گی۔
کانگریس 9 اگست سے 9 ستمبر تک یوگی حکومت کی ناکامیوں کے بارے میں 70 ہزار کارکنوں کو تربیت دے گی۔ اس کے ساتھ انہیں بوتھ مینجمنٹ ، سوشل میڈیا کے استعمال ، کانگریس اور بی جے پی-آر ایس ایس کے نظریات کے فرق کے بارے میں بھی بتایا جائے گا۔










