دہرا دون :(ایجنسی)
اتراکھنڈ اسمبلی انتخاب سے قبل بی جے پی کو زوردار جھٹکا لگا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ یش پال آریہ اور ان کے رکن اسمبلی بیٹے سنجیو آریہ دہلی میں کانگریس میں شامل ہو گئے ہیں۔ اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت کی موجودگی میں دونوں لیڈران کانگریس میں شامل ہوئے۔ دہلی میں کانگریس قومی ترجمان رندیپ سرجے والا اور ریاستی انچارج دیویندر یادو کی موجودگی میں پریس کانفرنس میں یشپال اور سنجیو آریہ نے واپسی کی۔ اس دوران حزب مخالف لیڈر پریتم سنگھ، ریاستی صدر گنیش گودیال اور سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت بھی موجود رہے۔
کانگریس میں شامل ہونے سے قبل دونوں لیڈروں نے راہل گاندھی سے ملاقات کی تھی۔ راہل گاندھی نے پارٹی میں شامل ہونے پر دونوں لیڈروں کا استقبال کیا۔ قابل ذکر ہے کہ یش پال آریہ باج پور اور ان کے بیٹے سنجیو آریہ نینی تال سیٹ سے رکن اسمبلی ہیں۔
یش پال آریہ پشکر سنگھ دھامی حکومت میں وزیر تھے اور ان کے پاس چھ محکمے تھے۔ وہ ٹرانسپورٹ، سماجی فلاح، اقلیتی فلاح، طلبا فلاح، سلیکشن اور آبکاری محکمہ دیکھ رہے تھے۔ قابل غور ہے کہ یش پال اور سنجیو آریہ نے 2017 میں کانگریس چھوڑ کر بی جے پی کا دامن تھاما تھا۔ بی جے پی نے اس وقت دونوں کو امیدوار بھی بنایا تھا۔ دونوں نے جیت درج کی تھی۔ اس کے بعد بی جے پی حکومت نے یش پال آریہ کو کابینہ وزیر بنایا۔ یش پال قبل میں اتراکھنڈ اسمبلی کے چیئرمین بھی رہے ہیں۔ یش پال آریہ پہلی بار 1989 میں کھٹیما ستار گنج سیٹ سے رکن اسمبلی بنے تھے۔ وہ پہلے بھی کافی وقت تک کانگریس پارٹی میں رہ چکے ہیں۔










