نئی دہلی :(ایجنسی)
ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ سے پہلے وراٹ کوہلی نے بڑا فیصلہ کیا ہے ۔ ہندوستانی کپتان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اکتوبر سے ہونے والے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے بعد ہندوستانی ٹی ٹوینٹی ٹیم کی کپتانی چھوڑ دیں گے ۔ وراٹ کوہلی نے سوشل میڈیا پر ٹویٹ کرکے یہ جانکاری دی کہ وہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے بعد کپتانی چھوڑ دیں گے ، لیکن وہ بطور بلے باز ٹیم کے ساتھ وابستہ رہیں گے ۔ وراٹ کوہلی کے ٹی ٹوینٹی ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کے بعد اب یہ سوال ہے کہ آخر ان کے بعد ٹیم انڈیا کی کمان کون سنبھالے گا ؟ اس ریس سب سے آگے روہت شرما ہیں ، جن کا بطور ٹی ٹوینٹی کپتان ریکارڈ کافی اچھا ہے ۔
وراٹ کوہلی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا : اس فیصلہ تک میں کافی وقت لے کر پہنچا ہوں ، میں نے اپنے قریبی لوگوں سے کافی بات چیت کی ۔ روی شاستری ، روہت شرما جو ٹیم کے اہم اراکین ہیں ، ان سے بات چیت کے بعد ہی میں نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے بعد میں ٹی ٹوینٹی ٹیم کی کپتانی چھوڑ دوں گا ۔ بی سی سی آئی صدر سوربھ گنگولی اور سکریٹری جے شاہ اور سبھی سلیکٹرس سے بھی میں نے اس سلسلہ میں بات چیت کی ہے ۔ میں ہندوستانی ٹیم کی خدمت جاری رکھوں گا ۔
بتادیں کہ وراٹ کوہلی کا بطور ٹی ٹوینٹی کپتان ریکارڈ شاندار رہا ہے ۔ وراٹ کوہلی کی کپتان میں ہندوستان نے 65 فیصد سے زیادہ ٹی ٹوینٹی میچ جیتے ہیں ، جو دھونی سے چھ فیصد زیادہ ہیں ۔ وراٹ کوہلی نے 45 میں سے 27 ٹی ٹوینٹی میچوں میں جیت دلائی جبکہ 14 میں انہیں شکست ملی ۔ دو میچ ٹائی رہے اور دو میچوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ۔ ورٹ کوہلی کی جیت کا فیصد 65-11 رہا ۔
بتادیں کہ ایم ایس دھونی نے 72 ٹی ٹوینٹی میچوں میں ہندوستان کی کپتانی کی ، جس میں سے 41 میں جیت ملی اور 28 میں ٹیم انڈیا کو شکست ملی ۔ ایک میچ ٹائی رہا اور دو میچوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا ۔ ان کا جیت فیصد 59-28 رہا ۔