نئی دہلی (آرکے بیورو)
دہلی کی نامزد سی ایم ریکھا گپتا کی عمر 50 سال ہے اور وہ اصل میں ہریانہ کے جند ضلع سے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ریکھا گپتا کا خاندان سال 1976 میں دہلی شفٹ ہو گیا تھا۔ ان کے شوہر کا نام منیش گپتا ہے۔ ریکھا گپتا نے ایل ایل بی کیا ہے اور وہ پیشے سے وکیل بھی ہیں۔ریکھا گپتا دہلی کی شالیمار باغ اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے ہیں۔ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے مہیلا مورچہ کی قومی نائب صدر بھی ہیں۔ دہلی اسمبلی انتخابات 2025 میں ریکھا گپتا نے شالیمار باغ اسمبلی سیٹ سے عام آدمی پارٹی کی وندنا کماری کو 29595 ووٹوں سے شکست دی۔ ریکھا گپتا نے بی کام اور ایل ایل بی کی تعلیم حاصل کی ہے۔ اس کے بعد ایم اے اور ایم بی اے بھی کیا۔ ان کی ابتدائی تعلیم دہلی سے ہوئی اور انہوں نے چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی، میرٹھ سے بھی تعلیم حاصل کی۔ ریکھا گپتا طالب علمی کے زمانے سے ہی سیاست میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز 1992 میں دہلی یونیورسٹی کے دولت رام کالج سے کیا۔ وہ 1996-97 میں دہلی یونیورسٹی کی طلبہ یونین کی صدر بھی رہ چکی ہیں۔ ریکھا گپتا کے دہلی کی وزیر اعلی منتخب ہونے پر بی جے پی لیڈر پرویش ورما کا بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ریکھا گپتا کا سی ایم بننا خوشی کی بات ہے
•••وزیروں کے نام بھی سامنے آئے
دریں اثنا دہلی میں حکومت سازی سے جڑی بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ دہلی کے ممکنہ وزراء کی فہرست بھی سامنے آئی ہے۔ ریکھا گپتا کے ساتھ چھ دیگر ایم ایل اے بھی حلف لیں گے۔ پرویش ورما، آشیش سود، منجندر سرسا، پنکج سنگھ، کپل مشرا، رویندر اندراج وزیر کے طور پر حلف لیں گے۔ ان تمام لیڈروں کو کابینہ وزیر بنایا جائے گا۔ تاہم ابھی تک وزراء کے قلمدانوں کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے۔