آسام کے دھوبری قصبے میں ایک مندر کے قریب مویشیوں کے کٹے ہوئے سروں کی بار بار دریافت کے بعد پیدا ہونے والے فرقہ وارانہ کشیدگی پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے، ریاستی حکومت نے رات کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
‘لائیو ہندوستان ‘کی رپورٹ کے مطابق چیف منسٹر ہمانتا بسوا سرما نے جمعہ کو یہ اعلان کیا اور ریاست میں مذہبی مقامات کی بے حرمتی پر زیرو ٹالرینس کی پالیسی کا اعادہ بھی کیا۔ یہ فیصلہ عیدالاضحیٰ (بقرعید) کے بعد پیدا ہونے والی پیش رفت کے پیش نظر لیا گیا، جب 7 جون کو دھوبری میں ہنومان مندر کے قریب ایک گائے کا سر ملا تھا۔اگلے دن پھر مندر کے احاطے کے قریب ایک اور ایسا ہی واقعہ پیش آیا، جس سے قصبے میں کشیدگی بڑھ گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ رات کے وقت پتھراؤ کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔وزیر اعلیٰ سرما نے کہا، "ہماری حکومت جو بھی مندروں اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کرنے کی کوشش کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ اگر کوئی پتھر پھینکے اور پولیس کو اس کی نیت پر شک ہو تو اسے گولی مارنے کے احکامات ہیں۔”کشیدگی کے پیش نظر ریپڈ ایکشن فورس (RAF) اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (CRPF) کو علاقے میں تعینات کیا گیا ہے۔ دفعہ 144 جو اس سے قبل نافذ کی گئی تھی، عارضی طور پر ہٹا دی گئی تھی تاہم صورتحال کے پیش نظر سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔دھوبری میں اس وقت کشیدگی ہے اور انتظامیہ ڈرون، سی سی ٹی وی اور رات کی گشت کے ذریعے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔سورس:livehindustan