نئی دہلی :
یوگا گرو بابا رام دیو نے کانگریس پر ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔ رام دیو نے کہا کہ ٹول کٹ کے ذریعے کمبھ میلے اور ہندوتوا کو بدنام کرنا ایک سیاسی اور ثقافتی سازش ہے۔ یہ ایک جرم ہے۔ بابا رام دیو نے کہا کہ میں ایسے لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ایسا کرکے لوگ سیاست کرسکتے ہیں ، لیکن ہندوؤں کی تذلیل نہیں کرسکتے ۔ ملک آپ کو معاف نہیں کرے گا۔ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایسی قوتوں کا بائیکاٹ اور مخالفت کریں۔ بابا رام دیو نے کہا کہ کانگریس کے ذریعہ ٹول کٹ کا استعمال قابل مذمت ہے۔
بی جے پی نے منگل کو کانگریس کو نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ راہل گاندھی نے ٹول کٹ کی مدد سے ٹویٹ کرتے ہیں۔ بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے دعویٰ کیا تھا کہ اس وبا کے دور میں بھی کانگریس ایک ’ٹول کٹ‘ کے ذریعہ ملک اور وزیر اعظم کی شبیہ کو داغدار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پاترا نے بھی اپنی ٹویٹ میں ایک ٹول کٹ شیئر کی ہے۔ وہیں کانگریس نے اسے بی جے پی پر پلٹ وار کرتے ہوئے اسے فرضی بتایا تھا۔ کانگریس نے پورے معاملے میں پلٹ وار کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈ اور سمبت پاترا کے خلاف جعل سازی کا مقدمہ درج کرے گی۔








