انناؤ:
اناؤ ضلعبانگر مئو میںسبزی فروش فیصل نامی نوجوان کی موت کا معاملہ طول پکڑتا جارہا ہے۔ لواحقین کا الزام ہے کہ فیصل کو پولیس نے پیٹا ، پھرجبراً اٹھا کر تھانہ لے گئی اور وہاں پولیس حراست میں اس کی موت ہوگئی۔ کانگریس اور سماج واد ی پارٹی، عام آدمی پارٹی واے آئی ایم آئی ایم نے فیصل کے قصور واروںکو سزا دلانے کی مانگ کی ہے۔ فیصل کی عمر محض17سال تھی۔

پولیس کا بیان
پولیس سپرنٹنڈنٹ اناؤ کا کہنا ہے کہ تھانہ بانگرمئو پولیس میں لاک ڈاؤن پر عمل کرانے کے دوران کارروائی کے تحت ایک شخص کوپولیس تھانہ لایا گیا،جہاں اس کی طبیعت خراب ہوگئی اور اسے فوراً پرائمری ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی) اسپتال میں بھرتی کرایا گیا جہاں اس کی موت ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ عرضی گزار کی تحریر کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس میں دو سپاہی اور ایک ہوم گارڈکو نامزد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانسٹیبل کو معطل کردیا گیا ہے ،جبکہ ہوم گارڈ کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔
لواحقین کاالزام

بانگر مئو کے بھٹ پوری محلے کا رہائشی اسلام کا بیٹا فیصل جمعہ کے روز گھر کے باہر سبزی بیچ رہا تھا۔ اہل خانہ کے مطابق تبھی مقامی پولیس اہلکار وہاں پہنچا ، انہیں دیکھ کر فیصل بھاگا تو پولیس اہلکاروں نے اسے دوڑا کر پکڑ لیااور اپنے ساتھ پولیس تھانہ لے گئے۔ تھانہ میں اسے بری طرح سےپیٹا گیا ، جس سے اس کی حالت بگڑ گئی ، اسے سی ایچ سی لے جایا گیا، جہاں اسے مردہ قرار دے دیاگیا۔
مقامی اخبار کی رپورٹس کے مطابق فیصل کے والد اسلام غریب ہیں اوروہ کسی بیماری میں مبتلا ہیں۔ اس کے تین بیٹے ہیں ، ان میں سے فیصل بیچ تھا اور وہ سبزی بیچ کر گھر کا خرچ چلاتا تھا۔ باقی دو بھائی بھی مزدوری کرتے ہیں۔
فیصل کی موت پر مشتعل لواحقین اور مقامی افراد نے لکھنؤ روڈ چوراہے پر لاش کو رکھ کر جام لگادیا ۔ تاہم پولیس کی جانب سے معطلی کی کارروائی کے بعد انہوں نے جام ختم کردیا۔ مظاہرین نے سرکاری نوکری دینے اور متاثرہ پریوار کو معاوضہ دینے کی مانگ کی ہے۔ پریوار کے ساتھ سماج وادی پارٹی کے ضلع صدر دھرمیندر سنگھ یادو بھی بیٹھے اور متاثرہ پریوار کی سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو سے بات کروائی۔
اتر پردیش کانگریس نے کہا ہے کہ اناؤ میں پولیس کی بربریت نے ہنستے کھلتے خاندان کو اجاڑ دیا اور پردیش کے وزیر اعلیٰ ’ٹھوک دو اور مار دو‘ کی پالیسی سے سرکار چلا رہے ہیں۔ کانگریس نے کہا کہ وہ متاثرہ پریوار کے ساتھ کھڑی ہے۔ وہیں عام آدمی پارٹی نے کہاکہ یوگی آدتیہ ناتھ کی پولیس نے جو کیا ہے وہ حادثہ نہیں ،قتل ہے ، اس لئے جانچ کے نام پر پردہ نہ ڈالیں او ر خاطی کو فوراً سزا دلائیں۔
اے آئی ایم آئی ایم کی اتر پردیش یونٹ نے کہا ہے کہ اناؤ پولیس نے فیصل کا پیٹ پیٹ کر قتل کردیا اور ان کی پارٹی فیصل کو انصاف دلانے کی لڑائی لڑے گی۔








