نئی دہلی : (ایجنسی)
حکومت ہند کے اعداد وشمار کے مطابق سرکار نے سال 2018-19، 2019-20، 2020-21میں کل ملاکر 2299.9کروڑ روپے اشتہارات پر خرچ کئے ہیں۔ان تین سالوں میں سب سے زیادہ پیسہ سال 2018-19میں خرچ کیا گیا ہے جو کہ 1182.17کروڑ ہے ۔ وہیں سال 2019-20میں 708.18کروڑ اور 2020-21میں409.55کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔
ان میں سال 2020-21 میں وزارت صحت نے 71.70 کروڑ، وزارت اطلاعات و نشریات نے 61.79 کروڑ ، محکمہ خزانہ نے 43.13 کروڑ اور وزارت دفاع نے 31.14 کروڑ روپے اشتہارات پر خرچ کیے ہیں۔
نیوز لانڈری کی رپورٹ کے مطابق تین سالوں میں وزارت وار اشتہار کے بارے میں یہ معلومات این سی پی کی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر فوزیہ خان نے راجیہ سبھا میں وزارت اطلاعات و نشریات سے مانگی تھی۔ 2 اگست کو مانسون سیشن کے دوران جواب دیتے ہوئے وزیر اطلاعات انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ تین سالوں کے دوران بیورو آف پبلک ریلیشنز اینڈ کمیونیکیشن (بی او سی) کے ذریعہ اشتہارات پرخرچ کی گئی لاگت کی وزارت وار تفصیلات ڈی اےوی پی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
ان تین سالوں میں وزارت اطلاعات و نشریات نے سب سے زیادہ رقم اشتہارات پر خرچ کی ہے،تو وہیں سب سے کم وزارت اسپات نے ۔ سرکار نے صاف کیا ہے کہ جو بھی وزارت وار اشتہار کے اعدادوشمار ہیں اس میں پبلسٹی ، ٹینڈر ، بھرتی ، پبلک انفارمیشن ، بیماری ، ہیلتھ انفارمیشن وغیرہ شامل ہیں۔











