لکھنؤ (ایجنسی)
ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اگلے سال یعنی 2022 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مدنظر تمام سیاسی پارٹیوں نے انتخابی مہم تیز کردی ہے، حکمراں جماعت بی جے پی، اہم پوزیشن پارٹی سماج وادی پارٹی، بی ایس پی اور کانگریس کے علاوہ چھوٹی پارٹیوں نے بھی ریلیوں اور کانفرنس کے ذریعہ سے عوام کو لبھانا شروع کردیا ہے ۔
اس درمیان اے بی پی نیوز کے لیے سروے سی ووٹر نے یوپی کے عوام کا من ٹٹولا ہے ۔اس سروے میں یہ صاف نظر آرہا ہے کہ اترپردیش میں ایک بار پھر سے بی جے پی کا پرچم لہرا سکتاہے۔ سروے کے اعدادوشمار کے مطابق بی جے پی اکثریت سے 2022 کے اسمبلی انتخابات میں اقتدار میں واپسی کر سکتی ہے۔
اےبی پی نیوز- سی ووٹر کے سروے کے مطابق اگر ابھی اسمبلی انتخابات ہوتے ہیں تو بی جے پی کو 41 فیصد، ایس پی کو 30 فیصد اور بی ایس پی کو 15 فیصد ووٹ مل سکتے ہیں۔ پرینکا گاندھی کی کوششوں کے باوجود بھی کانگریس بہت زیادہ اچھی کارکردگی کرتی نظر نہیں آرہی ہے اور پارٹی کے کھاتے میں 5 فیصد ووٹ شیئر ہی جاتے دکھ رہے ہیں۔ وہیں دیگر کو 7 فیصد ووٹ مل سکتے ہیں۔
اترپردیش کے سروے کے مطابق اگر ووٹ کا شیئر سیٹوں میں تبدیل کریں تو بی جے پی کو 259-267، ایس پی کو 109-117، بی ایس پی کو 12-16سیٹیں ملتی نظر آرہی ہیں۔ کانگریس کے کھاتے میں تین سے سات سیٹیں آسکتی ہیں۔ وہیں دیگر کو 6 سے 10 سیٹیں ملنے کا اندازہ ہے ۔











