ممبئی : (ایجنسی)
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی ناگپور میں چل رہی کوآرڈی نیشن میٹنگ میں ملک کے ساتھ ہی بیرون ملک کےمسائل پر بھی بحث ہو رہی ہے۔ میٹنگ کے آخری دن اتوار کو پانچ ریاستوں کے ہونے والے اسمبلی انتخابات کے ساتھی ہی افغانستان کے تازہ پیش رفت پر بھی بحث ہوئی۔ ادھر جلد ہی سنگھ سربراہ موہن بھاگوت ممبئی میں ملک کے چنندہ مسلم دانشوروں کے ساتھ ایک اہم میٹنگ بھی کرنے جارہے ہیں ۔
ذرائع سے موصولہ معلومات کے مطابق سنگھ کی اس اہم میٹنگ میں آئندہ ریاستی اسمبلی انتخابات پر بھی بحث ہوئی ۔ وہیں سنگھ افغانستان میںہوئی تبدیلی سےبھارت میں اس کے اثرات کے بارہ میں فکر نظر آرہی ہے ۔ خاص طور سے جمعہ کو طالبان کی جانب سے دئے گئے کشمیر سے متعلق بیان نے سنگھ کو فکرمند کردیاہے ۔ افغانستان میں طالبان کے قبضہ کے بعد بھارت کے کچھ مسلم دانشوروں و مذہبی رہنما کی جانب سے آرہے رد عمل پر آر ایس ایس کی نظر ہے۔
مشہور شاعر منور رانا و فلمی دنیا سے وابستہ جاوید اختر کےذریعہ آر ایس ایس سے طالبان کاموازانہ کو بھی سنگھ سنجیدہ سے لے رہاہے۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے سنگھ راشٹریہ مسلم منچ کے ذریعہ مسلم سماج میں اپنی پہنچ بنانے کی کوشش کرتا رہاہے ۔ شاید ایسی ہی ایک کوشش میں سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت پیر کو ممبئی کے ایک ہوٹل میں ملک کے منتخب مسلم دانشوروں کے ساتھ ایک میٹنگ کرنے والے ہیں۔











