نئی دہلی : (ایجنسی)
ملک میں تبدیلی مذہب کا معاملہ گرمایا ہواہے ۔ اس درمیان مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ کوئی بھی شخص اپنی مرضی سے مذہب تبدیل کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ملک میں ہر چیز کی آزادی ہے۔ منگل کو اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی عیسائی تنظیم سے راجدھانی دہلی میں ملاقات کررہے تھے ، اس دوران کمیونٹی کی طرف سے سرکار کو تعلیمی پالیسی اور تبدیلی مذہب کے معاملے کو لے کر دو میمورینڈم سونپے گئے ہیں۔
نقوی نے کہاکہ جس نے ووٹ دیا اور جس نے ووٹ نہیں دیا سب کے لیے کام کریں گے ۔ آج ہم سب کی ترقی اور حفاظتکے لیے کام رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے ملک میں ہر مذہب کے لوگ رہتے ہیں ، مذہب کے ماننے والے بھی اور مذہب کو نہیں ماننے والے بھی ہیں ۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ کثرت میں وحدت ہے، پرانی روایت ہے ، اس لئے اس ملک میں عدم برداشت نہیں ہے ۔
نقوی نے کہاکہ پڑوسی ملک میں دیکھئے کیا ہو رہاہے ، ہمارے ملک میں ایسا نہیں ہوتا اور اگر کوئی کرتا بھی ہے تو سماج اس کو قبول نہیں کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کئی مرتبہ بات ہوتی ہے جیسے تبدیلی مذہب۔ مذہب تبدیل کرنا کسی ملک کی ترقی کا پیمانہ نہیں ہوسکتا۔ اگر اپنی مرضی سے کوئی مذہب تبدیل کرتا ہے تو کرے ،کوئی سکھ بنے گا کوئی کچھ اور بنے گا۔ سب کے لیے کھلا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا ملک وسودھو کٹمبکم ہے ۔










