نئی دہلی : (ایجنسی)
دہلی فسادات کے ایک معاملے میں دہلی پولیس کے انتہائی غفلت سے مقدمہ کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست سے ناراض ایک عدالت نے دہلی پولیس کمشنر کو اس کی جانچ کرنے اور قصور وار افسر کی تنخواہ سے 5000 روپے کاٹنے کی ہدایت دی ہے ۔
چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ارون کمار گرگ نے اپنے سابقہ حکم کی تعمیل میں پولیس کے ناکام رہنے کےبعد جرمانہ لگایا ۔ عدالت نے سابقہ حکم میں جانچ افسر ( آئی او ) کو ایک ملزم کو ای چالان کی ایک کاپی فراہم کرنے کاحکم دیا تھا اور پولیس نے اس کی کاپی دستیاب کرانے کے لیے معاملہ ملتوی کرنے کی اپیل کی تھی۔
جج نے کہا کہ ان حالات میں 12 اپریل 2021 کے حکم کی تعمیل کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کی اجازت ہے ، بشرطیکہ دہلی پولیس کے ذریعہ وزیر اعظم نیشنل ریلیف فنڈمیں 5000 روپے جرمانہ کے طور پر جمع کرائے جائیں۔
اپنے 25 ستمبر کے حکم میں جج نے کہا کہ یہ عدالت اس بات سے بے خبر نہیں ہے کہ اس لاگت کا بوجھ سرکاری خزانہ پر پڑے گا اور اس لئے دہلی پولیس کمشنر کو جانچ کرنے اور ذمہ دار افسر کی تنخواہ سے رقم کی کٹوتی کا حکم دینے کے لیے ہدایت دینا مناسب سمجھتاہوں۔










