گروگرام : (ایجنسی)
گروگرام میں کھلے میں نماز کی ادائیگی پر مخالفت اس ہفتہ بھی جاری رہی۔ آج بھی گروگرام سیکٹر- 47میں کھلے میں جمعہ کی نماز ادا کی گئی ، جسے لے کر آر ڈبلیو کے ارکان و مختلف ہندو تنظیموں سے جڑے لوگوں نے مخالفت کی، حالانکہ سوشل میڈیا پر اس معاملے کے وائرل ہونے کے بعد سے پولیس وانتظامیہ مستعد رہی اور سیکٹر- 47 میں سخت سیکورٹی کے درمیان کھلے میں نماز جمعہ ادا کی گئی ۔
نماز کے دوران جب کئی تنظیموں کے لوگ مخالفت کرنے پہنچے تو پولیس نے ان سے کہاکہ ضلع انتظامیہ کی میٹنگ میں یہ طے ہواتھا کہ کہاں نماز ہوگی۔ یہ بھی طے ہوا تھاکہ اگر کسی جگہ پر لوگوں کو اعتراض ہوگا تو اس پر دوبارہ غور کیاجائے گا۔ اس پر جب مخالفت کررہے لوگوں نے یہ کہاکہ ایک دن کی پرمشن کی آڑ میں یہ لوگ یہاں روزانہ نماز پڑھنے لگے ہیں تو پولیس افسران نے ان سے ماحول خراب نہ کرنے کی اپیل کی۔
پولیس افسر نے احتجاج کرنے والے لوگوں کو سمجھایا کہ اگر آپ کو کوئی اعتراض ہے تو آپ اپنی بات ضلع انتظامیہ کی میٹنگ میں رکھیں۔ اگر آپ کو وقت نہیں مل رہا ہے تو میں اسے دلوانے کے لیے تیار ہوں ، آپ اپنا مسئلہ وہیں رکھیں۔ لیکن یہاں اس طرح احتجاج کرنا صرف بھائی چارے اور امن میں خلل ہی پیدا ہوگی ، تیسری کوئی چیز نہیں ہوگی ۔ اس طرح بڑی ہی تسلی سے مخالفت کررہے لوگوں کو پولیس نے سمجھا کر پرسکون کرایا ۔










