اگرتلہ: (ایجنسی)
بی جے پی یووا مورچہ کے لیڈر کو کرائم برانچ نے اتوار کو اگرتلہ میں میڈیا اداروں پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔ ملزم کو مقامی عدالت نے 5 اکتوبر تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔ یہ حملہ 8 ستمبر کو اگرتلہ کے کئی میڈیا اداروں پر ہواتھا۔ ملزم کی شناخت رگھو لودھ (32) کے طور پر ہوئی ہے اور وہ اگرتلہ میں بی جے پی کے یوتھ ونگ کا معاون ترجمان ہے۔
لودھ پر آئی پی سی کی دفعات 447 (مجرمانہ تجاوزات کرنے) ، 448 (گھر پر قبضہ کرنے) ، 427 (پچاس روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچانا) ، 436 (گھر تباہ کرنے کے ارادے سے آگ یا دھماکہ خیز مواد استعمال کرنا) اور 326 (جان بوجھ کر جان لیوا ہتھیار سے چوٹ پہنچانے)کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ایک دیگر معاملے میں ان پر گاڑی کو جلانے اور سیاسی پارٹی کے دفتر میں توڑ پھوڑ کا الزام ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر کھوکن دیب ناتھ نے کہا کہ لودھ کو اتوار کے روز اگرتلہ میں ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں گرفتار کر کے پیش کیا گیا تھا ۔
اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر کھوکن دیب ناتھ نے دی وائر کو بتایا ، ’تفتیشی افسر نے کہا ہے کہ ملزم کو اتوار کی صبح 11 بجے گرفتار کیا گیاتھا۔ انہوں نے ملزمان سے چار دن کی تحویل مانگی لیکن عدالت نے لودھ کو 5 اکتوبر تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔










