بنگلور : (ایجنسی)
راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملک ارجن کھڑگے نے کہا کہ آر ایس ایس تعلیم سمیت تمام شعبوں میں درانداز کر رہا ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ سنگھ کے خلاف ان کی طویل لڑائی کے سبب انہیں 2019 کے پارلیمانی الیکشن کے دوران اپنی لوک سبھا سیٹ گنوانی پڑی ۔
ایک سوال کے جواب میں کھڑگے نے کہا کہ وہ (آر ایس ایس) ہر جگہ درانداز کر رہے ہیں ، یہاں تک کہ تعلیمی شعبے میں بھی وہ آرہے ہیں ۔ کئی افسران کو براہ راست بھرتی کررہے ہیں ۔ قوانین میں ترمیم کررہے ہیں جبکہ اتنے لوگ ریزرویشن سے محروم ہیں ۔
بنگلور میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ 15-16 سال کی عمر سے آر ایس ایس اور اس کے نظریات سے لڑ رہے ہیں۔ یہ لڑائی گلبرگہ سیٹ سے 2019 کے لوک سبھا الیکشن میں ان کی شکست کی ایک وجہ ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ ہم آر ایس ایس کے خلاف لڑ رہے ہیں ، ہم اسے چھپانا نہیں چاہتے۔ ہم لڑیں گے اور اسی وجہ سے میں اپنا الیکشن بھی ہار گیا۔ آر ایس ایس غریب نواز نہیں ہے ، یہ سماجی انصاف کے لیے نہیں ہے۔ وہ منواسمرتی پر یقین رکھتے ہیں۔ آر ایس ایس کے دوسرے سرسنگھ چالک گولوالکر گروجی کو پڑھیں۔
وہیں لکھیم پور کھیری واقعہ پر کھڑگے نے سپریم کورٹ کے موجودہ جج سےجانچ کرانے اور غیر قانونی طور سے حراست میں لئے گئے اپوزیشن لیڈروں کی فوری رہائی کی مانگ کی ۔










