ممبئی(پریس ریلیز)
ممبئی میں این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کی مصیبتوں میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے، مہاراشٹر حکومت میں وزیر نواب ملک کے الزاموں پر بھلے ہی انہیں قومی درج فہرست ذات کمیشن کے چیئرمین سے کلین چٹ مل چکی ہو، لیکن دلت تنظیموں نے ان کے خلاف مورچہ کھول دیا ہے۔ سمیر وانکھیڑے پر فرضی ذات سرٹیفکیٹ بناکر نوکری حاصل کرنے کے الزام لگے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کروز ڈرگس پارٹی کیس میں بھی محکمہ ذاتی انکوائری کے دائرے میں ہیں۔
سمیر وانکھیڑے کی ذات سرٹیفکیٹ سے منسلک تنازع میں اب بھیم آرمی میدان میں آگئی ہے۔ بھیم آرمی کے قومی جنرل سکریٹری اشوک کامبلے نے ممبئی کے ماٹونگا میں ذات سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے ضلعی مرکز میں شکایت درج کرائی ہے کہ سمیر کی ذات سرٹیفکیٹ کی تحقیقات کی جائے۔ اس تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ سمیر کا ذات سرٹیفکیٹ جعلی ہے۔ سمیر نے ایک دلت لڑکے کا حق سلب کیا۔ بھیم آرمی جلد ہی سمیر کے خلاف تحریک چلائے گی۔ دلت تنظیموں کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سمیر وانکھیڑے نے نوکری پانے کےلیے خود کو ایس سی (شیڈول کاسٹ) بتایا تھا۔ صرف بھیم آرمی ہی نہیں، سوابھیمانی رپبلکن آرمی نے بھی سمیرپر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے ریزرویشن پانے کےلیے فرضی کاغذ دکھائے تھے۔ ان کی طرف سے ذات سرٹیفکیٹ کی جانچ کرنے والی کمیٹی کے پاس شکایت درج کروادی گئی ہے۔ کچھ دن قبل ہی سمیر وانکھیڑے نے دہلی میں درج فہرست ذات درج فہرست قبائل کمیشن کے دفتر پہنچے تھے۔ وہاں پر انہوں نے اپنا ذات سرٹیفکیٹ، پہلی بیوی سے ہوئے بچے کی پیدائش سرٹیفکیٹ اور طلاق کے کاغذات سونپے تھے۔ ابھی کمیشن ان کاغذوں کی تفتیش کررہی ہے لیکن اس سے پہلے ہی سمیر وانکھیڈے پر الزامات لگنے شروع ہوگئے ہیں۔
ادھر سمیر وانکھیڑے کے والد نے زور دے کر کہا کہ وہ دلت ہیں، اور ان کا بیٹا بھی دلت ہے، مسلم مذہب سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے لیکن ان دعووں کے برعکس سمیر کی پہلی بیوی کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کی ایک مسلم گھرانے میں شادی ہوئی تھی اور وہاں پر سبھی اسلامی ریت و رواج پر عمل پیرا تھے ایسے میں دونوں طرف سے الزام جوابی الزام کا دور جاری ہے یہاں تک کہ سمیر کی شادی کرانے والے قاضی صاحب نے بھی سامنے آکر ان کے مسلم ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
سمیر وانکھیڑے فی الحال فرضی ذات سرٹیفکیٹ کا معاملہ ہی نہیں بلکہ رشوت اور بدعنوانی کے الزامات بھی جھیل رہے ہیں، شاہ رخ خان کے بیٹے آرین سے منسلک اس کیس میں سمیر وانکھیڑے پر پیسے لینے کے بھی الزامات لگے ہیں، پربھاکر سیل نام کے گواہ نے میڈیا کے سامنے بتایا ہے کہ آرین کو چھوڑنے کےلیے پیسوں کی ڈیمانڈ کی گئی تھی، ابھی این سی بی کی طرف سے ان الزامات کی تفتیش کی جارہی ہے۔ ادھر نواب ملک بھی مسلسل سمیر وانکھیڑے پر نئے نئے انکشافات کررہے ہیں۔









