العلا، سعودی عرب:(ایجنسی)
شمال مغربی حصے میں العُلا کے خشک صحرا اور پہاڑوں کے درمیان ماہرین آثار قدیمہ دادان اور لحیان کی قدیم اور طویل عرصے سے فراموش شدہ سلطنتوں کی باقیات دریافت ہوئی ہیں جن کی کھدائی کے لیے کام جاری ہے۔
العلا، 2019 میں کھلنے کے بعد ایک اہم سیاحتی مقام بن گیا ہے. یہ خاص طور پر مدائن صالح کے شاندار مقبروں کے لیے جانا جاتا ہے. مدائن صالح 2,000 سال پرانا شہر ہے جس کے باشندوں نے چٹانوں کو اپنی رہائش کیلئے تراشا تھا۔ ایسی ہی تعمیرات پیٹرا، اردن میں بھی موجود ہیں۔
فرانسیسی اور سعودی ماہرین آثار قدیمہ کی ایک ٹیم اب 2,000 سال قبل کی پروان چڑھنے والی اہم علاقائی طاقتوں، دادان اور لحیان کی تہذیبوں سے متعلق پانچ قریبی مقامات کی کھدائی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔
دادان آثار قدیمہ کے مشن کے شریک ہدایت کار عبدالرحمن الصہیبانی نے کہا، “یہ ایک ایسا منصوبہ ہے جو واقعی (ان) تہذیبوں کے اسرار سے پردہ اٹھانے میں مدد دے گا‘‘۔









