لکھنؤ : (ایجنسی)
یوپی میں بی جے پی کی حلیف نشاد پارٹی کے صدر سنجے نشاد نے بھگوان رام پر ایسا بیان دیا ہے، جس پر سیاسی گلیاروں میں بیان بازی کا دور شروع ہو گیا ہے۔ ڈاکٹر سنجے نشاد نے کہا کہ بھگوان رام راجا دشرتھ کے بیٹے نہیں تھے، وہ ایک نشاد خاندان میں پیدا ہوئے تھے۔ اس کے ساتھ انہوں نے بی جے پی سے نشادوں کو ریزرویشن دینے کا بھی مطالبہ کیا۔
اس بیان پر کانگریس لیڈر انشو اوستھی نے نشاد پر نشانہ سادھا ہے۔ انشو نے کہا کہ وہ صرف بی جے پی کے ایجنڈے کو فروغ دے رہے ہیں۔ وہ اب رام پر بول رہے ہیں لیکن جب بی جے پی نے الہ آباد میں نشاد لوگوں کی کشتی کو تباہ کر دیا تھا تو خاموش تھے۔ وہ صرف بی جے پی کے ایجنڈے کو بڑھاوا دے رہے ہیں اور اپنی برادری اور اتر پردیش کے لوگوں کے حقیقی مسائل سے بھاگ رہے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ بھگوان رام پر بولنے کا حق صرف سناتن ہندو مذہب کے سنتوں کو ہے۔
اس معاملے پر اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بھی بیان دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ڈی این اے کے ماہر اور آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کو نشاد پارٹی کے سربراہ کے اس بیان پر وضاحت دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے سربراہ اور لیڈروں کے اس معاملے پر بولنا چاہئے۔
بتادیں کہ بی جے پی نے ستمبر میں رسمی طور پر اعلان کیا تھا کہ وہ 2022 کا یوپی اسمبلی الیکشن نشاد پارٹی کے ساتھ مل کر لڑے گی ، حالانکہ ابھی سیٹ تقسیم پر کوئی سمجھوتہ کی خبر نہیں آئی ہے ۔









