لکھنؤ؍ جونپور :(ایجنسی)
وزیر اعظم اس وقت وارانسی کے دورے پر ہیں اور وہ کسی نہ کسی انداز میں اپوزیشن کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔ وہیں دوسری جانب اپوزیشن جماعتیں بھی کوئی موقع نہیں چھوڑنا چاہتیں۔ اس کڑی میں اب سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے سی ایم یوگی پر طنز کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ گنگا ندی میں پی ایم مودی کے ساتھ اس لئے اسنان کرنے نہیں اترےکیونکہ انہیںمعلوم تھا کہ اس کاپانی گندہ ہے۔
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو منگل کو ’سماج وادی وجے رتھ‘ کے ساتھ جونپور پہنچے۔ اکھلیش نے بی جے پی اور ریاستی حکومت پر شدید حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لال رنگ کا مطلب نہیں سمجھتی ۔ یہ رنگ جذبات کا ہوتا ہے۔ ایس پی صدر نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی عوام کی مدد سے بی جے پی کو ریاست اور ملک سے ہٹا دے گی۔ اس کے ساتھ ہی کہا کہ یوپی اسمبلی انتخابات 2022 میں سماج وادی پارٹی 400 سیٹیں جیتے گی۔اکھلیش نے کہا کہ بی جے پی نے انتخابی قرارداد کو پورا نہیں کیا۔
حکومت نے کسانوں کی تذلیل کی
مقررہ وقت سے ڈھائی گھنٹے تاخیر سے آئے اکھلیش یادو نے کسانوں اور مہنگائی کے معاملے پر حکومت کو گھیرا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی قوانین مجبوری میں واپس لیے گئے۔ حکومت نے کسانوں کی توہین کی ہے۔ بی جے پی حکومت نے کسانوں کی زراعت کو برباد کر دیا۔ کسانوں کو کھاد نہیں مل رہی ہے۔ ان کی آمدنی دوگنی نہیں ہوئی۔ مہنگائی سے آمدنی اور کم ہوگئی ہے ۔

اکھلیش نے کہا کہ اگر کمائی نہیں ہوگی تو بچت کیسے ہوگی؟ اس مہنگائی نے عام لوگوں کی کمر توڑ کررکھ دی ہے لیکن حکومت کچھ نہیں کر رہی ہے۔ سماج وادی وجے رتھ یاترا میں سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے سربراہ اوم پرکاش راج بھر کے ساتھ رام اچل راج بھر، سنجے چوہان اور کرشنا پٹیل نے بھی حصہ لیا۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ آج کرپشن اور مہنگائی عروج پر ہے۔ حالات ایسے ہیں کہ بی جے پی کے ایم پی اور ایم ایل اے گاؤں میں داخل نہیں ہو پا رہے ہیں۔ ڈبل انجن والی حکومت ناکام ثابت ہوئی ہے۔ بی جے پی والوں نے کہا تھا کہ لوگوں کی آمدنی دوگنی ہو جائے گی۔ لیکن صورتحال یہ ہے کہ لوگوں کی آمدنی آدھی رہ گئی ہے اور مہنگائی دوگنی ہو گئی ہے۔
مجرموں پر بلڈوزر چلانے کے سوال پر اکھلیش یادو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ضلع سطح پر مجرموں کی فہرست جاری کیوں نہیں کرتے ہیں۔ الزام ہے کہ پولیس حراست میں لوگ مررہے ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے پھر دعویٰ کیا کہ یوپی میں تبدیلی آنے والی ہے۔ ہم سب کو ساتھ لے کر حکومت بنائیں گے۔









