امیٹھی :(ایجنسی)
کانگریس کے رہنما راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا ہفتہ کو ایک پد یاترا کے دوران امیٹھی پہنچے۔ اس دوران راہل گاندھی نے ایک بار پھر ہندو اور ہندوتوا کا مسئلہ اٹھایا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ گاندھی جی نے کہا تھا کہ ہندو کا راستہ ستیہ گرہ ہے، جب کہ ہندوتواوادی کا راستہ اقتدار کا ہے۔جو ناانصافی کے خلاف لڑتا ہے والا ہندو ہے اور جو تشدد پھیلاتا ہے وہ ہندوتوادی ہے۔
امیٹھی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ آج ایک طرف ہندو ہیں، جو سچائی کی بات کرتے ہیں۔ دوسری طرف ہندوتواوادی ہے، جو نفرت پھیلاتے ہیں اور اقتدار کوچھیننے کے لیے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان میں ہندو بمقابلہ ہندوتواوادی کے درمیان لڑائی ہے۔
اس سے پہلے راہل گاندھی نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کے مفاد میں زرعی قانون لائی تھی، لیکن ایک سال بعد پی ایم نے اس کے لیے معافی مانگ لی۔ حکومت نے جو بھی قانون لایا، چاہے وہ نوٹ بندی ہو، جی ایس ٹی ہو زرعی قوانین، کسی کو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ ہم پوچھتے ہیں کہ کیا یہ سرمایہ داروں کے لیے لائے گئے تھے؟
’دہلی جتنی زمین پر چین کا قبضہ‘
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ لداخ میں چینی فوج نے ہندوستان سے دہلی جتنی زمین چھین لی، لیکن پی ایم مودی نے کچھ نہیں کیا اور نہ ہی کچھ کہا۔ اس پر جب ان سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ زمین کسی نے نہیں لی، لیکن وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ چین نے زمین لی ہے۔
بے روزگاری اور مہنگائی پر وزیراعظم خاموش
امیٹھی میں راہل گاندھی نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی دو بڑے مسائل ہیں۔ لیکن حکومت ان دو سوالوں کا جواب کبھی نہیں دیتی۔ کچھ دن پہلے وزیر اعظم اکیلے گنگا میں نہا رہے تھے۔ لیکن وزیر اعظم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ملک میں روزگار کیوں پیدا نہیں ہو رہا۔ نوجوانوں کو روزگار کیوں نہیں مل رہا؟ مہنگائی اتنی تیزی سے کیوں بڑھ رہی ہے؟
’امیٹھی کے لوگوں نے مجھے سیاست سکھائی‘
راہل گاندھی نے کہا کہ پرینکا گاندھی نے مجھ سے کہا کہ انہیں میٹنگ کے لیے لکھنؤ جانا ہے، تب میں نے ان سے کہا کہ سب سے پہلے میں گھر جانا چاہتا ہوں۔ کیونکہ یہ میرا گھر ہے۔ آپ ہمیشہ میرے ساتھ چلتے رہے، آپ نے مجھے سیاست سکھائی۔ میں آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ اس دوران راہل نے کہا کہ یہ تقریر ٹی وی پر 30 سیکنڈ تک چلے گی،لیکن اگر پی ایم مودی ایسی تقریر کرتے ہیں تو یہ 6 ماہ تک چلتا رہےگا۔









