نئی دہلی ؍دھرم شالہ:(ایجنسی)
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے ہفتہ کو کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت پر سنگھ کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ موہن بھاگوت نے کہا کہ میڈیا ہمیں حکومت کے ریموٹ کنٹرول کے طور پر پیش کرتا ہے، جو درست نہیں ہے۔
سنگھ کے سربراہ نے کہا، ’ان کے پاس الگ افسران ہیں، ان کی الگ پالیسیاں اور کام کرنے کے طریقے ہیں۔ خیالات اور ثقافت کا تعلق سنگھ سے ہے اور وہ موثر ہیں۔ کچھ اہم لوگ وہاں (حکومت میں) کام کر رہے ہیں، وہ سنگھ کے ہیں اور سنگھ کے ہی ہوں گے۔ ایسا کچھ نہیں ہے جو میڈیا بتانے کی کوشش کر رہا ہے۔‘ بھاگوت نے کہا، ’لوگ ہم سے پوچھتے ہیں کہ ہمیں حکومت سے کیا ملتا ہے، میرا جواب ہے کہ ہمارے پاس جو کچھ بھی ہے اسے ہمیں کھونا پڑ سکتا ہے۔‘
بھاگوت نے کہا، ‘حکومتیں ہمارے خلاف تھیں۔ ہمیشہ مخالفت رہی ہے۔ سنگھ تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے 96 سالوں سے مسلسل چل رہا ہے۔ چونکہ اتنے سارے سیوں سیوک تیار ہو رہے ہیں، اس لیے وہ خاموش یا بیکار نہیں بیٹھیں گے۔ سماج میں جہاں بھی کام کرنے کی ضرورت ہو، وہ ہر وقت دستیاب ہوتے ہیں۔
موہن بھاگوت ہماچل پردیش کے دھرم شالہ میں سابق فوجیوں سے خطاب کر رہے تھے۔ بھاگوت نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت اور تمل ناڈو کے کنور میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں جان گنوانے والے مسلح افواج کے 12 اہلکاروں کے انتقال پر غم کا اظہار کیا اور ان کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔









