نئی دہلی : (ایجنسی)
لکھیم پوری کھیری معاملے میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کی برخاستگی کے معاملے کو لے کر اپوزیشن پارٹیوں نے منگل کو پارلیمنٹ سے وجے چوک تک پیدل مارچ نکالا۔
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کی معطلی اور اجے مشرا کی برخاستگی کے معاملے پر اپوزیشن نے حکومت کو گھیر لیا اور اس کی وجہ سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ ہوا۔ لیکن حکومت دونوں معاملات پر دباؤ میں آتی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔
مارچ میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی، شیوسینا کے راجیہ سبھا رکن سنجے راوت، ٹی ایم سی، این سی پی، ایس پی اور کئی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ معطل ارکان پارلیمنٹ بھی مارچ میں شامل ہوئے۔
وزیر اعظم ایکشن لیں
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا کہ لکھیم پور کھیری معاملے میں ایک وزیر کے بیٹے نے کسانوں کو مارا ہے، کسانوں کو کچلا ہے، ایس آئی ٹی کی رپورٹ آ گئی ہے، لیکن وزیر اعظم اس سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور حکومت دونوں اپنا کام نہیں کر رہے ہیں۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کئی بار کہہ چکے ہیں کہ حکومت ایوان میں بحث کی اجازت نہیں دیتی جس پر اپوزیشن بحث کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ارکان پارلیمنٹ کو معطل کرنا جمہوریت کا قتل ہے۔









