غزہ :(ایجنسی)
نئے سال کے پہلے دن پر اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں غزہ کی پٹی پر رات کو بمباری کی گئی جس میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ اسرائیل کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ حملے غزہ کی پٹی سے دو میزائل راکٹ داغے جانے کے جواب میں کیے گئے جن میں جنوبی علاقے میں حماس کے راکٹ بنانے والے کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا۔
غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے کو بھی اسرائیلی حملے کے دوران نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل کی جانب سے دعوی کیا گیا کہ اسرائیلی افواج نے ٹینکوں کے ذریعے حماس کی ایک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا۔
فلسطینی سکیورٹی حکام نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اسرائیلی جنگی طیاروں نے آدھی رات کو نئی جارحیت کا آغاز کرتے ہوئے غزہ کی پٹی کو نشانہ بنایا۔‘ اس دوران دس میزائل داغے گئے جنھوں نے خان یونس کے مغرب میں قدسیہ کی جگہ کو نشانہ بنایا۔









