ممبئی: (ایجنسی)
’بلّی بائی‘ نامی ایپ پر ان دنوں کافی ہنگامہ ہے۔ ایپ پر مسلم خواتین کی نیلامی اور ان کی تصویریں اپ لوڈ کرکے نازیبا ریمارکس کرنے کا الزام ہے۔ یہی نہیں ایپ پر خاتون صحافی کی تصویر بھی شیئر کی گئی ہے۔ تصویروں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر کے قابل اعتراض مواد موجود ہے۔ خاتون صحافی کا کہنا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ ملک میں مسلم خواتین محفوظ نہیں ہیں۔ اس پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ بالی ووڈ کے کئی اداکاروں نے ٹوئٹر پر پوسٹ لکھ کر مسلم خواتین کو نشانہ بنانے پر سوالات اٹھائے ہیں۔
اداکارہ سوارا بھاسکر سماجی مسائل پر اپنی رائے کا اظہار کرنے میں ہمیشہ آگے رہتی ہیں۔ انہوں نے ٹویٹ کیا اور لکھا، ‘اس وقت ہمیں خود کو یاد دلانا ہوگا کہ مسلم خواتین کی آن لائن نیلامی ٹھیک نہیں ہے۔ اپنے آپ کو یاد دلائیں کہ نسل کشی کا مطالبہ کرنے کے مترادف ہے۔ لوگوں کی نماز میں خلل ڈالنا ہمارے لیے درست نہیں۔ یہ سب ہمارے نام پر ہو رہا ہے۔ ہمارے بھگوان کے نام پر۔ یہ ہمارے ساتھ ہو رہا ہے۔
ریچا چڈا نے خاتون صحافی کی حمایت کرتے ہوئے لکھا، ’آپ کی ہمت کو سلام۔‘
نغمہ نگار اور رائٹر جاوید اختر نے ٹویٹ کیا کہ ’100 خواتین کی آن لائن نیلامی ہو تی ہے، مبینہ دھرم سنسد، سینا پولیس اور عوام سے 20 کروڑ ہندوستانیوں کا قتل عام کرنے کا کہہ رہی ہے۔ میں یہ دیکھ کر حیران ہوں کہ میرے اپنے وزیراعظم سمیت سب خاموش ہیں۔ کیا یہ سب کا ساتھ ہے ؟ ‘










