جے پور:( محمد صابر قاسمی)
کانگریس کے سینئر لیڈر اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبے کے قومی کنوینر ڈاکٹر اعظم بیگ کو پارٹی ہائی کمان کی طرف سے اتر پردیش کا انچارج بنائے جانے پر اہلیان شہر جے پور کی جانب سے نائی کی تھڑی پر شاندار استقبال کیا گیا ۔ڈاکٹر اعظم بیگ کی مناسبت سے منعقد کی گئی یہ اعزازیہ تقریب نائی کی تھڑی پر وکاس کمیٹی اورجے ایل این گروپ آف ایجوکیشن سوسائٹی کی طرف سےکی گئی، جس میں شہر کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کر کے ڈاکٹر اعظم بیگ کا پرجوش استقبال کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر اعظم بیگ نے اعزازیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، قوم اور ملت کا نام ہمیشہ بلند رکھنے کی کوشش کی جائے گی، ہر فورم پر قوم اور ملت کے مسائل کے حل کرنے میں عوامی توقعات کے مطابق ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ ڈاکٹر اعظم بیگ نے کہا کہ کانگریس ایک ایسی پارٹی ہے جو نظریاتی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتی اور اس کی 137 سال کی ایک روشن تاریخ ہے، کانگریس پارٹی نے کبھی بھی عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان سے محروم نہیں کیا بلکہ ہمیشہ اس کام کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ۔ عوامی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے، لیکن فی الحال یوپی اور مرکز میں فرقہ پرست طاقتوں نے ملک کے امن کی زنجیر اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مضبوطی کو توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جسے کانگریس پارٹی کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے وطن کی خاطر قربانیاں دی ہیں، مولانا آزاد سے لے کر آج تک تمام لیڈروں نے ہندوستان کی عظمت رفتہ کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔
سانجھی وارثت منچ کے قومی کنوینر چودھری اکبر قاسمی اڈبر نے کہا کہ ہم سب کے لیے خوشی کی بات ہےکہ ڈاکٹر اعظم بیگ جیسی شخصیت کو کانگریس ہائی کمان نے یوپی کا انچارج بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اعظم بیگ جیسی شخصیت وہ ہیں جو عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں، یقیناً انہیں اس ذمہ داری کے لیے پارٹی نے لائق سمجھا، اور پارٹی نے یہ ذمہ داری دے کر اپنا فرض پورا کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی فرقہ پرست طاقتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ، ملک کی مجبور عوام کی بددعا لینے والی یہ بی جے پی جلد ہی ایسی فاشسٹ طاقتیں ملک سے روپوش ہوجائیں گی۔
چودھری اکبر قاسمی نے اعظم بیگ جیسی شخصیت کا بلا تفریق مذہب و ملت کا عوامی رہنما کے طور پر تعارف کرایا، اعزازیہ تقریب میں راجستھان پردیش خاتون کانگریس کمیٹی کی سکریٹری روبی خان نے ڈاکٹر اعظم بیگ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوپی کا تاج کانگریس کے پاس رہے گا اور اس کے لیے ڈاکٹر اعظم بیگ اہم کردار ادا کریں گے۔ جے پور کربلا وقف انتظامیہ کمیٹی کے سکریٹری اور سماجی کارکن اسلام کارپیٹ نے کہا کہ یوپی پرحکومت کرنے والا ہندوستان پر راج کرتا ہے۔ اعظم بیگ اتر پردیش کے انچارج منتخب ہونے کے بعد اہم کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر اعظم بیگ نے کہا کہ ذمہ داری بڑی ہے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے کندھے بھی بہت مضبوط ہیں۔ اسی پروگرام کا انعقاد جے ایل این چلڈرن اکیڈمی کے ڈائریکٹر مظہر بیگ نے کیا۔اس موقع پر شہر کی دیگر معزز و سرکردہ شخصیات نے اعظم بیگ کا پُر جوش استقبال کیا۔











