لکھنؤ:(ایجنسی)
یوپی میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی سرگرمیاں تیزہوگئی ہیں۔ اسی درمیان ’ پنچایت آج تک لکھنؤ‘ میں سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے قومی صدراوم پرکاش راج بھر نے دعویٰ کیاہے کہ کسان کھیت میں ڈنڈا لے کر کھڑا ہے اوربی جے پی اس بار 50 سے زیادہ سیٹیں نہیںجیت پائے گی۔
اس بار او پی راج بھر اکھلیش یادو کی سماج وادی پارٹی کے ساتھ مل کر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ پوروانچل میں راج بھر سماج کا کافی اثر و رسوخ سمجھا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ راج بھر مسلسل دعویٰ کر رہے ہیں کہ پوروانچل میں بی جے پی کا صفایا ہو رہا ہے۔
آج تک کے اسٹیج پر403 اسمبلی سیٹوں والے یوپی کو لےکر راج بھر نے کہاکہ بی جے پی 50 سیٹیں بھی جیت لے تو کافی ہے۔ راج بھر نے پوروانچل کے بلیا، مئو، اعظم گڑھ اور مرزا پور جیسے اضلاع کے نام گنتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان اضلاع میں بی جے پی کا کھاتہ بھی نہیں کھلے گا۔
ہم وزیر بنیں گے: راج بھر
بتا دیں کہ اوم پرکاش راج بھر پہلے بھی بی جے پی کے ساتھ رہ چکے ہیں۔ لیکن ذات پات اور پسماندہ سماج کے حقوق کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بی جے پی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ اب راج بھر ایس پی کے ساتھ اتحاد میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔ الیکشن پر راج بھر نے کہا کہ جو لوگ ہندو- ہندو کی بات کر رہے ہیں وہ نقلی ہندو ہیں۔ بی جے پی کے لوگ خوش فہمی میں ہیں۔ کسان کھیت میں لاٹھی لیے کھڑا ہے، تاجر بھی ان کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 مارچ کو اکھلیش یادو وزیر اعلیٰ بنیں گے۔
جب پوچھا گیا کہ آپ کیا بنیں گے؟ تو راج بھر نے بتایا کہ ہم وزیر بنیں گے۔ راج بھر نے واضح طور پر کہا کہ معاہدے میں ہم نے کہا ہے کہ جتنے لوگ مورچہ میں ہیں انہیں وزیر بنا یا جائے گا۔











