نئی دہلی:(ایجنسی)
ہندوستان میں کورونا کی تیسری لہرسے ڈرانے والے اعدادوشمار سامنے آرہے ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے کے اندر پورے ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں خطرناک طریقے سے اضافہ ہوا ہے۔ اتوار تک کے اعدادوشمار پر نظر ڈالیں تو کورونا کے انفیکشن سے صرف ایک ہفتے کے دوران مریضوں کی تعداد 6 گنا بڑھ گیا ہے۔ اس کے علاوہ صرف 7 دنوں کے اندر موت کی تعداد بھی 54 فیصد بڑھ گئی ہے۔ ایکسپرٹ کے مطابق، کورونا کی یہ لہر اومیکران ویریئنٹ سے آئی ہے۔
تین سے 9 جنوری کے درمیان ہندوستان میں کورونا کے 7.8 لاکھ کیس سامنے آئے ہیں۔ یہ گزشتہ ہفتے کے مقابلہ چھ گنا زیادہ ہے۔ گزشتہ ہفتے یہ تعداد صرف 1.3 لاکھ تھی۔ اس سے پہلے 27 دسمبر سے دو جنوری کے درمیان انفیکشن میں 2.8 گنا کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔ کورونا کے انفیکشن کی رفتار اس بار کتنی زیادہ ہے، اس کا اندازہ اسی بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دوسری لہر کے دوران 1.3 لاکھ سے 7.8 لاکھ کیس پہنچنے میں تقریباً 5 ہفتے کا وقت لگا تھا، لیکن اس بار محض ایک ہفتے میں سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔
اتوار کو ملک میں کورونا وائرس کے تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار کیس آئے۔ یہ ہفتہ کے مقابلے 13 فیصد زیادہ ہے۔ ہفتہ کے روز 1,59,583 کیس سامنے آئے تھے۔ اگر دنیا کے دوسرے ممالک سے موازنہ کیا جائے تو ہندوستان کورونا کے سب سے زیادہ ہفتہ وار کیس کے معاملے میں پانچویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
کورونا کی تیسری لہر کے دوران موت کی تعداد میں بھی بھاری اچھال دیکھا جا رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے مقابلے ان اعدادوشمار میں 54 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ہفتے اموات کی تعداد 495 تھی، لیکن اب یہ بڑھ کر 761 پر پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ پازیٹیوٹی ریٹ 13.2 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔











