لکھنؤ:(ایجنسی)
اترپردیش الیکشن 2022 سے پہلے دل بدل کا دورجاری ہے۔ حال یہ ہے کہ چٹ پارٹی چھوڑی ،پٹ ٹکٹ مل گیا۔ اس ریس میں فی الحال بی ایس پی کی سپریمو مایاوتی سب سے آگے ہے۔جمعرات 13 جنوری کو بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے ٹویٹ کے ذریعہ بتایا کہ ان کی پارٹی نے کانگریس اورراشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) چھوڑ کر بی ایس پی میں آئے لیڈروںکو آئندہ اسمبلی انتخابات کےلیے ٹکٹ دیاہے۔
مایاوتی نے مظفر نگر کی چرتھوال اسمبلی سیٹ اور سہارنپور کی گنگوہ اسمبلی سیٹ کے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔
مایاوتی نے کہا،’’مظفر نگر ضلع کے سابق وزیر داخلہ سعید الزمان کے بیٹے سلمان سعید نے 12 جنوری کو دیر رات بی ایس پی سربراہ سے ملاقات کی اور کانگریس چھوڑ کر بہوجن سماج پارٹی میں شامل ہو گئے۔ سعید کو بی ایس پی نے چرتھوال اسمبلی سیٹ سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ ‘‘
مایاوتی نے اپنے اگلے ٹویٹ میں کہا،’اس کے ساتھ ہی سہارنپور ضلع کے سابق مرکزی وزیر رشید مسعود کے بھتیجے اور عمران مسعود کے حقیقی بھائی نعمان مسعود نے بھی کل لوک دل چھوڑ کر بہوجن سماج پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ انہیں گنگوہ اسمبلی سیٹ سے اپنی پارٹی کا امیدوار بنایا گیا ہے۔
بتا دیں کہ گزشتہ الیکشن میں بی جے پی نے مظفر نگر کی چرتھاول اسمبلی سیٹ جیتی تھی، بی ایس پی کے نور عالم تیسرے نمبر پر آئے تھے۔ اس سے پہلے 2012، 2007 اور 2002 میں یہاں بی ایس پی نے کامیابی حاصل کی تھی۔
دوسری طرف سہارنپور کی گنگوہ سیٹ پر اس وقت بھارتیہ جنتا پارٹی کا قبضہ ہے۔ 2017 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس امیدوار نعمان مسعود دوسرے نمبر پر آئے تھے۔ حالانکہ 2012 کے اسمبلی انتخابات میں یہ سیٹ کانگریس کے کھاتے میں گئی تھی۔ یہاں سے کانگریس کے پردیپ کمار جیتے تھے۔
بتادیں کہ 2022 کے یوپی اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ 10 فروری سے 7 مارچ تک 7 مرحلوں میں ہوگی۔ نتائج 10 مارچ کو آئیںگے۔











