نئی دہلی:(ایجنسی)
اتر پردیش میں جب ایس پی اور کانگریس لیڈروں کے خلاف کورونا قوانین کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کی جارہی ہیں، اسی درمیان خبر آرہی ہے کہ کوشامبی میں بی جے پی کے ایم ایل اے سنجے گپتا نے ایک پروگرام میں 40 لڑکیوں کو اسکوٹی کی چابیاں دیں۔ ایس پی کا الزام ہے کہ یہ پروگرام کورونا ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہوا ہے، الیکشن کمیشن یہ سب دیکھ رہا ہے یا نہیں۔
سنجے گپتا چایل سے بی جے پی کے ایم ایل اے ہیں۔ ان پر ماضی میں بھی زمینوں پر قبضے وغیرہ کے الزامات کا سامنا ہے۔ لیکن آج کے پروگرام نے انہیں تنازعات میں ڈال دیا ہے۔ آج خواتین کے اعزاز کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس میں ایک بڑا ہجوم جمع ہو گیا۔ اس پروگرام میں بی جے پی ایم ایل اے سنجے گپتا نے 40 لڑکیوں کو اسکوٹی کی چابیاں دیں۔ ایک تنظیم کی طرف سے مبینہ طور پر 40 لڑکیوں کو فاتح قرار دیا گیاتھا۔
ذرائع نے بتایا کہ تنظیم برائے نام ہے۔ جن لڑکیوں کو اسکوٹی دینے کے لیے منتخب کیا گیا تھا ان کا انتخاب ایم ایل اے کے حلقے والے علاقوں سے کیا گیا تھا۔ تمام اسکوٹروں پر ایم ایل اے کا نام لکھا ہوا ہے۔











