نئی دہلی:(ایجنسی)
انٹیلی جنس ایجنسیوں نے یوم جمہوریہ کے حوالے سے سیکورٹی وارننگ جاری کی ہے۔ اس نے وارننگ میں کہا ہے کہ دہشت گردانہ حملے کی سازش کے اشارے ملے ہیں۔ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی طرف سے دیے گئے الرٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر معززین کی جان کو خطرہ ہونے کا اشارہ بھی دیا گیا ہے۔
یوم جمہوریہ سے قبل غازی پور میں پھول منڈی کے قریب دھماکہ خیز آر ڈی ایکس برآمد ہونے کے بعد قومی راجدھانی میں پہلے سے ہی اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔ دہلی پولیس نے راج پتھ اور اس کے آس پاس سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ تقریباً 300 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور چہرے کی شناخت کرنے والے سسٹم بھی نصب کئے گئے ہیں۔
انڈیا ٹوڈے نے انٹیلی جنس کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کے دوران وزیر اعظم مودی اور دیگر معززین کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ اس رپورٹ میں ان کی جان کو خطرہ ہونے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ پانچ وسطی ایشیائی ممالک – قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے رہنماؤں کو ہندوستان کے 75 ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیے جانے کا امکان ہے۔ رپورٹ کےمطابق الرٹ میں ذکر کیا گیاہے کہ دہشت گردوں کا مقصد یوم جمہوریہ تقریب میں موجود معززین کو نشانہ بنانا اور عوامی اجتماعات، اہم تنصیبات اور پرہجوم مقامات پر خلل ڈالنا ہے۔
الرٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خطرے کے پیچھے لشکر طیبہ، جیش محمد، حرکت المجاہدین اور حزب المجاہدین جیسے دہشت گرد گروپ ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس الرٹ ہے کہ پاکستان میں مقیم خالصتانی گروپ بھی پنجاب میں دہشت گردی کو دوبارہ منظم کرنے اور بحال کرنے کے لیے کیڈرز کو متحرک کر رہے ہیں۔











