نئی دہلی: (ایجنسی)
بی جے پی کی تمل ناڈو یونٹ نے زی انٹرٹینمنٹ گروپ کے تمل چینل پر نشر ہوئے پروگرام کے لیےان سےمعافی مانگنے کو کہا ہے۔ پارٹی کے مطابق ، اس پروگرام میں جان بوجھ کر وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف قابل اعتراض تبصرے کیے گئے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ان الزامات پر زی تمل کے ترجمان نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں کوئی بیان جاری کرنے کو تیار نہیں ہیں۔زی انٹرٹینمنٹ انٹرپرائزز کے چیف کلسٹر افسر کو لکھے ایک خط میں بی جے پی کی ریاستی یونٹ کے آئی ٹی اور سوشل میڈیا سیل کے صدر سی ٹی آر نرمل کمار نے کہاہے کہ،15 جنوری کوچینل کے پروگرام ’جونیئر سپر اسٹارز سیزن 4‘کے دوران وزیر اعظم مودی کے لباس، ان کے مختلف ممالک کے دوروں، سرمایہ کاری اور نوٹ بندی کو لے کر بہت تلخ اور سخت تبصرے کیے گئے۔
یہ خط تمل ناڈو بی جے پی کے صدر کے انامالائی کے ٹوئٹ کےایک دن بعد آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھاکہ مرکزی وزیر ایل مروگن نے ان سے ایک شو کے بارے میں پوچھا تھا، جس میں وزیر اعظم مودی کا مذاق اڑایا گیا تھا، انہوں نے اس معاملے میں مناسب کارروائی کی یقین دہانی کرائی تھی۔











