نئی دہلی ؍لکھنؤ:(ایجنسی)
یوپی میں حکمراں بی جے پی اور اتحادی اپنا دل اور نشاد پارٹی مل کر اسمبلی انتخابات لڑیں گے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی موجودگی میں بدھ کو دہلی میں ہوئی میٹنگ میں سیٹوں کی تقسیم کا معاہدہ طے پایا۔ تاہم اتحادیوں نے کتنی نشستیں حاصل کرنے پر اتفاق کیا ہے، اس کا ابھی تک انکشاف نہیں کیا گیا۔
میٹنگ کے بعد امت شاہ نے ٹویٹ کیا، ’آج یوپی کے اتحادیوں سے جے پی نڈا، یوگی آدتیہ ناتھ، انوپریا پٹیل اور سنجے نشاد کے ساتھ میٹنگ ہوئی۔ اتر پردیش کے عوام کا آشیرواد این ڈی اے کے ساتھ ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے اتحاد زبردست اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے جا رہا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے علاوہ اس میٹنگ میں یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، اپنا دل کی صدر انوپریا پٹیل، نشاد پارٹی کے صدر سنجے نشاد، یوپی کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور ڈاکٹر دنیش شرما، مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر، بی جے پی کے ریاستی صدر سواتنتر دیو سنگھ وغیرہ نے شرکت کی۔
یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی ٹویٹ کیا، ’بی جے پی نے آج یوپی کے اپنے دو اہم اتحادی پارٹیوں ، اپنا دل اور نشاد پارٹی کے ساتھ اترپردیش انتخابات کا اتحاد کیاہے۔ بی جے پی اتحاد دو تہائی سے زیادہ سیٹیں جیت کر زبردست اکثریت سے سرکار بنائے گا۔











