نئی دہلی:(ایجنسی)
معروف مصنف ، خانوادہ نعمانی کی بزرگ شخصیت حضرت مولانا عتیق الرحمن سنبھلی طویل علالت کے بعد انتقال فرماگئے۔ انا اللہ وانا الیہ راجعون۔ مولانا ایک ممتاز علمی شخصیت اور کئی اہم اور فکر انگیز کتابوں کے مصنف تھے۔ جن میں 6جلدوں میں محفل قرآن نام سے ایک شاہ کار تفسیر اور واقعہ کربلا اور اس کا پس منظر مشہور ہے۔
مولانا عتیق صاحب حضرت مولانا منظور نعمانیؒ کے سب سے بڑے فرزند تھے۔ مولانا مرحوم کی تعلیم دار العلوم دیوبند میں ہوئی جہاں انہوں نے شیخ الاسلام حضرت مدنیؒ سے استفادہ کیا۔ مولانا اسعد مدنی، اور مولانا محمد سالم قاسمی ان کے ہم درس تھے۔ 1974 میں رسمی فراغت کے بعد کے بعد رسالہ الفرقان کے طویل عرصے تک ایڈیٹر رہے۔سن ساٹھ کی دہائی میں انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی حفیظ نعمانی کے ساتھ ہفت روزہ ندائے ملت نکالا۔ جس کے سرپرست مولانا علی میاںؒ اور مولانا نعمانیؒ ہوا کرتے تھے۔ اسی دور میں مسلم مجلس مشاورت کے قیام میں فعال کردار ادا کیا۔ ان کے مضامین اپنے عہد میں نہایت فکر انگیز ہوا کرتے تھے۔
وہ آزادی کے بعد ہندوستان کے اہم اصحاب قلم میں شمار ہوتے تھے۔ اور مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کی تحریریں رہنما سمجھی جاتی تھیں۔مولانا اپنی صحت کی خرابی کی بنا پربرطانیہ منتقل ہوگئے۔ جہاں ان کی علمی خدمات اور مسلمانوں کے مسائل میں متحرک کردار کا سلسلہ جاری رہا۔ مولانا اپنے خلوص وسادہ معیار زندگی اور شرافت ووضع داری میں پچھلے زمانوں کی یادگار معلوم ہوتے تھے۔ علالت اور کبر سنی کے عوارض کی وجہ سے وہ کئی سال سے دہلی اپنے صاحبزادے مولانا عبید الرحمان سنبھلی کے ساتھ مقیم تھے۔ آج قبل عشاء مولائے حقیقی سے جا ملے۔ اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور درجات بلند کرے۔ آمین۔











