نئی دہلی:( نامہ نگار)
کسان مورچہ کے صدر راکیش ٹکیت بے باکی سے بولنے کے لیے جانے جاتے ہیں مگر انڈیا ٹی وی کے ایک پروگرام میں انہوں نے اینکر کی بخیہ ادھیڑ کر رکھ دی ۔پروگرام کے دوران مندر مسجد کے تذکرہ اور فوٹو دکھانے پر وہ آگ بگولہ ہو گئے ۔انہوں نے انتہائی غصہ اور گرجدار آواز میں پوچھا کہ یہ کس کے اشارے پر ہندو مسلم کھیل رہے ہو ۔مندر مسجد کا فوٹو دکھانے کا کیا مطلب ہے ،کاغذ قلم پر بندوق کا پہرہ ہے ،یہ الیکشن کے وقت میں لڑانے والا کام کس کے کہنے پر کیا جارہا ہے ۔اینکرصفائی پیش کرتا رہا، مگر ٹکیت نے ایک نہ سنی۔ انہوں نے صاف کہا کہ یہ حرکتیں برداشت نہیں کی جاسکتیں۔ انہوں نے پوچھا کہ اسپتال اور اسکول کے فوٹو کیوں نہیں دکھاتے۔
ان کا یہ تیکھا انداز دو سری مرتبہ سامنے آیا ہے ۔اس سے قبل غازی پور بارڈر پر ان کے آنسوؤں نے مرتی کسان تحریک کو زندہ کردیا تھا۔











