نئی دہلی :(ایجنسی)
اب دہلی کے اسکولوں پر لگے تالے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے بتایا ہے کہ ریاست میں نرسری سے کلاس 8 ویں کے اسکول پیر 14 فروری سے کھولے جائیں گے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام اساتذہ کو ٹیکےلگ چکے ہیں۔ بتادیں کہ نویں سے بارہویں جماعت کے لیے سات فروری سے اسکول کھولنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ کالج کی آن لائن کلاسز اب نہیں چلیں گی اور صرف آف لائن کلاسز منعقد کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں نائٹ کرفیو کا وقت 10 بجے سے بڑھا کر 11 بجے تک کر دیا گیا ہے۔ ریستورنٹ اب رات گیارہ بجے تک کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ جم، اسپا اور سوئمنگ پول کھولنے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں۔
پابندیوں میں نرمی کے ساتھ اب دہلی میں نمائشیں منعقد کرنے کی بھی اجازت مل گئی ہے۔ تمام دفاتر 100 فیصد حاضری کے ساتھ کام کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ کار میں اکیلے چلنے پرماسک پہننے کی لازمیت بھی ختم کردی گئی ہے۔ ریاست میں پازیٹیوشرح اور کورونا انفیکشن کے کیسز کی تعداد کے پیش نظر یہ فیصلے ڈی ڈی ایم اے کی میٹنگ میں لیے گئے ہیں۔
میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ 15 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو ڈوز دینے کی رفتار کو بڑھایا جائےگا۔ دہلی میں طویل عرصے سے بند تعلیمی اداروں کو کھولنے کا مسلسل مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ نائب وزیر اعلیٰ نے گزشتہ ہفتے یہ بھی کہا تھا کہ اسکولوں کو بچوں کی حفاظت کے لیے بند کر دیا گیا تھا لیکن ’زیادہ احتیاط‘ ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔
اب دہلی میں کورونا انفیکشن کی مثبت شرح 4.3 فیصد پر آ گئی ہے۔ اس کے پیش نظر لاگو پابندیوں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جمعرات تک دارالحکومت میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 13630 تھی۔
ملک میں کورونا (کووڈ 19-) کے نئے کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے 1072 افراد جاں بحق ہوئے۔ جبکہ اس دوران انفیکشن کے 1.49 لاکھ نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار کل کے مقابلے 13 فیصد کم ہیں۔










