چنڈی گڑھ :(ایجنسی)
پنجاب کےسی ایم چرنجیت سنگھ چننی کے بھتیجے بھوپندر سنگھ ہنی کو ای ڈی نے گرفتار کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ای ڈی کی طرف سے کئی گھنٹوں کی پوچھ گچھ کے بعد اسے ریت کی کان کنی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسے جمعرات کی نصف شب جالندھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔
بتا دیں کہ کچھ دن پہلے ای ڈی نے بھوپیندر سنگھ کے کئی مقامات پر چھاپے مارے تھے، جس کے بعد کانگریس نے مودی حکومت کو کہا کہ یہ انتقام کی سیاست ہے۔ اب چننی کے بھتیجے کو انتخابات سے عین قبل گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ای ڈی نے پنجاب میں 10 سے زیادہ جگہوں پر چھاپے مارے تھے جن میں بھوپندر سنگھ ہنی کا گھر بھی شامل تھا۔ کانگریس نے بھوپندر کی گرفتاری پر سوال اٹھائے ہیں۔
کانگریس کے لیڈر ملک ارجن کھرگےنے کہاکہ یہ سیاسی گرفتاری ہے۔ وہ الیکشن میں ڈرانے اور ہراساں کرنے کے لیے ایسا کر رہے ہیں۔ اگر کسی کے خلاف کارروائی کرنی تھی تو 4-5 ماہ پہلے کرلینی چاہیے تھی، ایک دن میں کچھ نہ ہوتا۔ ان کا مقصد صرف چرنجیت سنگھ چننی کے حوصلے پست کرنا اور انہیں ہراساں کرنا ہے۔
وہیں اس گرفتاری پر بکرم سنگھ مجیٹھیا نے کہا- یہ کہانی 3 لوگوں کی ہے، منی، ہنی اور چننی، پہلے منی پکڑا گیا، پھر ہنی پکڑا گیا، اب چننی کی باری ہے، کیونکہ ہنی کی پہچان صرف یہ ہے کہ وہ چننی کابھتیجا ہے اور جو پیسہ ملا ہے وہ سب چننی کا ہے۔










