رام پور (آر کے بیورو)
یوپی میں آج پہلے مرحلے میں 11 اضلاع کے 58 اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ جاری ہے۔ اس دوران کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا رام پور پہنچیں۔ یہاں انہوں نے شہباز گیٹ سے بلاس پور گیٹ تک روڈ شو کیا۔ اس دوران انہوں نے دکانداروں اور خواتین سے بات چیت کیں۔ اس کے بعد وہ بلاس پور میں مجوزہ روڈ شو اور جلسہ عام کے لیے روانہ ہوگئیں۔
کہا:’ مہنگائی اور بے روزگاری کے معاملے پر ووٹ دیں‘
اس دوران پرینکا گاندھی نے کانگریس کو کامیاب بنانے کے لیے ووٹ مانگے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عام آدمی کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری، مہنگائی، خواتین اور دلتوں کے خلاف بڑھتے جرائم، غربت کے مسائل پر ووٹ دیں۔ سب سوچیں اور پھر ووٹ دیں۔ اپنا ووٹ کسی ایسے شخص کو دیں جو ان مسائل کے حل کے لیے کام کر رہا ہو۔
پرینکا گاندھی تقریباً 11:55 بجے رام پور پہنچیں۔ یہاں وہ مرادآباد سے فوٹو چونگی روڈ سے ہوتے ہوئے پی ڈبلیو ڈی آفس روڈ سے ہوتی ہوئی شہباز گیٹ پہنچیں۔ یہاں سے نگر پالیکا مارگ پر ہاتھی خانہ چوراہے تک پیدل ہی چلیں۔ پرینکا گاندھی ہاتھی خانہ چوراہے کے قریب سے کار میں سوار ہوئیں اور چلتی گاڑی میں سفر کرتے ہوئے کھڑے ہو کر لوگوں کا استقبال کیا۔ اس دوران بعض مقامات پر ان پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔
کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا

یہاں سے پرینکا گاندھی کے روڈ شو کا قافلہ نصراللہ خان بازار سے ہوتا ہوا تھانہ گنج کے گھیر مردان خان کے راستے شترخانہ چوراہے پر پہنچا۔ یہاں ان کا استقبال کیا گیا۔ اس کے بعد ان کا قافلہ یہاں سے بلاس پور گیٹ پہنچا۔ یہاں بھی کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد پرینکا گاندھی بلاس پور گیٹ سے کار کے ذریعے بلاسپور اسمبلی حلقہ میں مجوزہ روڈ شو اور جلسہ عام کے لیے روانہ ہوئیں۔
پرینکا گاندھی کی نور محل میں بیگم نوربانو اور نوید میاں سے ملاقات

کانگریس امیدوار نواب کاظم علی خاں عرف نوید میاں کے لیے عوامی رابطہ کرنے رام پور پہنچی پارٹی کی قومی جنرل سکریٹری اور اتر پردیش کی انچارج پرینکا گاندھی نے نور محل پہنچ کر اگلی حکمت عملی تیار کی۔ انہوں نے سابق اراکین اسمبلی بیگم نوربانو اور نوید میاں سے آدھے گھنٹے سے زائد بات چیت کی۔
شاہ آباد گیٹ سے بازار نصراللہ خان تک پروگرام مکمل کرنے کے بعد پرینکا گاندھی بیگم نوربانو اور نوید میاں کے ساتھ نور محل پہنچیں۔ یہاں پرینکا گاندھی نے ضلع کی تمام سیٹوں پر پارٹی کی سرگرمیوں اور تنظیم کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ پرینکا گاندھی نے دونوں سے کہا کہ سیاسی جنگ ہر محاذ پر بہت مضبوطی سے لڑنی ہوگی۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بیگم نوربانو اور نوید میاں کے ساتھ آگے کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے رام پور میں پروگرام کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔










