مراد آباد :(ایجنسی)
14 فروری کو ہونے والے دوسرے مرحلے کی پولنگ سے چند دن قبل سماج دشمن عناصر نے مراد آباد کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے منڈھا پانڈے کے شیو پوری گاؤں میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمے کو توڑکراس پر سیاہی پوت دی۔
جمعرات کی صبح جب لوگوں کو اس کا علم ہوا تو انہوں نے ہنگامہ کھڑا کر دیا اور ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور لوگوں کو سمجھاکر پرامن کرایا۔ بتایا جا رہا ہے کہ دو دن پہلے بھی گاؤں میں اونچی ذات کے لوگوں کی طرف سے لگائے گئے استقبالیہ بورڈ پر کسی نے سیاہی پوت دی تھی۔ اس واقعہ کو لے کر گاؤں میں کشیدگی کو دیکھتے ہوئے پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مندھاپانڈے کے شیو پوری گاؤں میں آئین کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ نصب ہے۔ گاؤں کے لوگوں نے الزام لگایا کہ کچھ لوگوں نے مورتی پر سیاہی پوت دی ہے ۔ اس کے علاوہ مورتی کو نقصان بھی پہنچایا گیا ہے ۔
اطلاع ملتے ہی سی او ہائی وے ڈاکٹر گنیش کمار گپتا اور اسٹیشن انچارج سنجے پانجال فورس کے ساتھ گاؤں پہنچے اور انہوں نے لوگوں کو سمجھایا اور معاملہ رفع دفع کروایا۔ انہوں نے دونوں فریقین سے بات کی اور لوگوں کو یقین دلایا کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس کے بعد لوگ پرسکون ہوگئے۔ ایس پی اکھلیش بھدوریا نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ گاؤں میں پرسکون ماحول ہے۔ گاؤں میں احتیاطی طور پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔










