لکھنؤ :(ایجنسی)
اترپردیش اسمبلی انتخابات میں سیاسی پارٹیوں کی مہم زوروں سے جاری ہے۔ اترپردیش میں پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ مکمل ہو گئی ہے، جب کہ دوسرے مرحلے کی انتخابی مہم کا آج آخری دن ہے۔ اترپردیش میں دوسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ 14 فروری کو ہوگی۔ اترپردیش میں سماج وادی پارٹی کا جینت چودھری کی آر ایل ڈی کے ساتھ اتحاد ہے۔ جینت چودھری ان دنوں یوگی آدتیہ ناتھ پر طنز کر رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں انتخابی مہم کے دوران جینت چودھری نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ’ آپ اتنا ووٹ کرو کہ جو لوگ گرمی نکالنا چاہ رہے ہیں ان کی بولتی بند ہوجائے ۔بہت کچھ کہنے کی بات نہیں ہے ۔ انہیں (سی ایم یوگی) میں اچھا سا کمبل خرید کرگورکھپور بھیجوںگا ‘ جینت چودھری نے تقریر آخر میں عوام پوچھا کہ آپ یہ کام کردیں گے نا؟اس کےبعدجینت چودھری کہتے ہیں کہ بابا یوگئے اورپھر جینت اپنی تقریر ختم کر دیتے ہیں۔
بتا دیں کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے کیرانہ اور مظفر نگر میں انتخابی مہم کے دوران ایک بیان دیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کیرانہ اور مظفر نگر میں کچھ لوگوںکو گرمی لگ رہی ہے ۔ 10 مارچ کے بعد ان کی ساری گرمی شانت ہو جائے گی۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مئی اور جون کے مہینوں میں بھی شملہ جیسا ماحول بنادیتا ہوں۔
اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے یوگی آدتیہ ناتھ کے گرمی والے بیان پر کہا تھا کہ بابا گرمی نکال رہے ہیں، ہم نوکری نکالیں گے اور پولیس بھرتی کریں گے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے یوگی کے گرمی کے بیان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بابا گرمی لے کر آرہے ہیں لیکن 2021 کے جون اور جولائی میں جب لوگوں کو آکسیجن کی ضرورت تھی، بابا لوگوں کو آکسیجن نہیں دے سکے۔
اتر پردیش میں انتخابات 7 مرحلوں میں ہوں گے۔ اتر پردیش میں پہلے مرحلے کے لیے 10 فروری کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ اترپردیش میں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 14 فروری کو ہوگی۔ اتر پردیش میں تیسرے مرحلے کے لیے 20 فروری، چوتھے مرحلے کے لیے 23 فروری، پانچویںمرحلے کے لئے 27 فروری کو، چھٹے مرحلے کے لیے 3 مارچ کو اور آخری اور ساتویں مرحلے کے لیے 7 مارچ کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج 10 مارچ کو سامنے آئیں گے۔










