رائے بریلی :(ایجنسی)
ایس پی صدر اکھلیش یادو نے منگل کو رائے بریلی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوپی میں پہلے دو مرحلوں کی پولنگ میں بی جے پی کا صفایا ہو گیا ہے اور جو لوگ گرمی نکالنے کی دھمکی دیتے تھے ان کی بھاپ نکل گئی۔ دھواں اڑانے والے دھنواں ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اب جب رائے بریلی میں ووٹ ہوں گے تو بی جے پی کی شکست یقینی ہو جائے گی۔
اکھلیش یادو نے لاء اینڈ آرڈر کے معاملے پر یوگی حکومت کو گھیرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت میں سب سے زیادہ موتیں حراست میں ہوئی ہیں۔ گورکھپور میں وصولی کرنے کے لیے پولیس والوں نے تاجر کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ جرائم کرنے کے بعد آئی پی ایس افسر فرار ہے اور پولیس والے ایک دوسرےمجرم کو کرکٹ کھیلنے کے لئے پچ بنوا رہے ہیں۔ یہ لوگ ہمارے لاء اینڈ آرڈر پر سوال اٹھاتے ہیں مگر اب عوام سب کچھ سمجھ چکے ہیں۔










