مین پوری:(ایجنسی)
وزیر داخلہ امت شاہ مین پوری کے کرسچن میدان میں انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اکھلیش بابو کی حکومت پریوار کے لیے چلتی ہے۔ تمام ذاتوں کے لوگوں کا کام نہیں ہوتا تھا۔ بی جے پی ذات پرستی کوجڑ سےاکھاڑپھینکنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔ آج غنڈے مافیا پولیس سے ڈرتے ہیں۔ اکھلیش حکومت میں پولیس ان سے ڈرتی تھی۔ انہوں نے لوگوں سے سوال کیا کہ اگر اکھلیش آتے ہیں تو جیل میں بند مافیا کہاں رہیں گے؟
امت شاہ نے کہا کہ مین پوری مہارشی مارکنڈے کی تپو بھومی ہے۔ یہاں مہاراج تیج سنگھ نے لڑتے لڑتے انگریزوں کو الٹے پاؤں بھگا دیا۔ اس سرزمین کی تعریف کرتا ہوں۔ یوپی میں انتخابات کے دو مراحل ختم ہو چکے ہیں۔ ایس پی کا صفایاہو گیا ہے۔ بی جے پی کے 300 کو عبور کرنے کے ہدف کی بنیاد رکھنے کا کام مغربی یوپی کے لوگوں نے کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا میں لوگ کہتے تھے کہ لاک ڈاؤن ہوا تو غریب لوگ بھوکے مر جائیں گے۔ غریب کا گھر کیسے چلے گا؟ وزیر اعظم نریندر مودی نے دو سال تک ہر شخص کو پانچ کلو گرام اناج فراہم کرنے کا کام کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے تیل، دالیں اور نمک دیا۔ مجھے بتائیں، کیا ایس پی حکومت ایسا کر سکتی تھی؟
امت شاہ نے کہا کہ یوپی میں یوگی حکومت کے پانچ سال کے بعد جرائم میں کمی آئی ہے۔ بی جے پی نے یوپی میں لاء اینڈ آرڈر کو مضبوط کرنے کا کام کیا ہے۔ مودی جی نے ملک کو بچایا ہے۔ آج کوئی بھارت کی سرحد اور فوج کی طرف آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا۔










