کانپور:
ماہ مبارک رمضان انسانی تربیت اور ضبط نفس کا مہینہ ہے، اس میں روزہ جیسے اعمال سے انسان کو کنٹرل پاور حاصل ہوتا ہے۔ اب جبکہ بعد رمضان شیطان کھل جائے گا اور وہ ہماری رمضان کی کمائی کو ضائع اور تربیت کے اثرات کو ختم کرکے ہمیں پھر آزاد مزاج بنانا چاہے گا، ایسے میں اپنے اعمال و کمائی کی حفاظت کریں اور رمضان کی نیکیوں کو ضائع ہونے سے بچائیں۔ ان خیالات کا اظہار آج جمعۃ الوداع کے موقع پرجاری اخباری بیان میں جامعہ محمودیہ اشرف العلوم کے استاذ مولانا فرید الدین قاسمی نے کیا۔ مولانا نے فرمایا کہ رمضان ختم کے قریب آگیا، 2شب قدریں باقی ہیں ہفتہ سے بھی کم وقت بچا ہے۔روزہ، تراویح،نماز، صدقات، ذکر و اذکار،توبہ استغفارکے ساتھ روزانہ نمازوں میں افطار و سحر کے وقت خاص کر شب قدروں میں خوب گڑگڑاکر دعاء مانگیں، اپنے لئے اپنے گھر والوں و متعلقین کے وبائی مرض کورونا سے حفاظت کیلئے، ملک میں امن و امان کے قیام اور نفرت کی ہر مہم کی ناکامی کیلئے،جان ومال عزت و آبرو کی حفاظت اور عالمی طاقتوں کی خفیہ و اعلامیہ منصوبوں کے ناکامی کے لئے، جنت کے حصول،جہنم سے حفاظت کا دعاؤں میں اہتمام کریں۔ دنیا کے فضول کاموں اور بحث و مباحثہ میں نہ پڑ کر اس سے بچتے ہوئے سوچیں کہ ہم اللہ سے کتنا قریب ہوئے، ہماری لائن کتنی درست ہوئی اور فکر پیدا کریں کہ ہم کو حکم خداوندی، سنت نبیؐ، صحابہ کرامؓ اور بزرگان دین ؒکے نقش قدم پر چل کر انشاء اللہ جنت پہنچنا ہے، جہنم سے اور جہنم لے جانے والے سارے کاموں سے بچنا ہے۔ بس اللہ کے حکم اور نبی کی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گزارنا ہے۔










