نئی دہلی:
آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد نے جمعیة علماءہند کے صدر، دارالعلوم دیوبند کے معاون مہتمم، استاذ حدیث مولانا قاری سید محمد عثمان منصور پوری کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ان کے متعلقین و پس ماندگان سے تعزیت کی ہے، انہوں نے کہا کہ مولانا منصور پوری کے انتقال سے علمی و ملی اور سیاسی و سماجی سطح پر بہت بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے، یہ بڑا خسارہ ہے، ان کی تدریسی خدمات بے مثال ہیں، ان کی دیانت داری، تقوی اوراصول پسندی بے مثال تھی، تحفظ ختم نبوت کے سلسلے میں ان کی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتم اور معاون مہتمم کے طور پر کار کردگی بھی نمونہ ہے، جمعیة علماءہند کے صدر اور امیر الہند کی حیثیت سے بھی کام اور نام تاریخ میں درج ہو چکا ہے، اللہ تعالٰی مرحوم کو جزائے خیر دے۔ صدر مشاورت نے کہا کہ ہمارے جو بڑے ہم سے جدا ہو رہے ہیں ان کی جگہ لینے والے نظر نہیں آ رہے ہیں، اللہ نعم البدل عطا کرے، انہوں نے کہا کہ مشاورت مرحوم کے پس ماندگان کے رنج و غم میں برابر کی شریک ہے، انہوں نے تمام لوگوں سے مولانا مرحوم کے لیے ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کی اپیل کی ہے۔










