پٹنہ:
بہار میں کووڈ- 19 وبا کی دوسری لہر کے درمیان ایک مبینہ ایمبولینس گھوٹالہ سامنے آیاہے۔ پچھلے سال جب کووڈ 19-کے پہلے دور کا قہر جاری تھا ، تب بہار کے سیوان ضلع میں 7 ایمبولینس کو مبینہ طور پر ان کی اصل قیمت سے تین گنا زیادہ قیمت پر خریداگئی تھی، وہ تمام بغیر استعمال کئےہوئے پارکنگ میں کھڑی ہے۔
دینک جاگرن کی رپورٹ کے مطابق بہار حکومت کے سابق وزیر وکرم کنور نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور مانیٹرنگ ڈپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری سمیت دیگر سینئر عہدیداروں کو ایک خط لکھ کر ایمبولینس خریداری میں عہد ے کا غلط استعمال کرتے ہوئے منصوبہ بند سازش کے تحت سرکاری رقم کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا ہے ۔
نتیش کمار سرکار میں سڑک تعمیراتی وزیر رہے وکرم کنور نے الزام لگایا ہے کہ سات لاکھ روپے کی ایمبولینس 2,184,623روپے میں خریدی گئی، ساتھ ہی بلنگ رشید کے لئے انسورنش کا خرچ اور آر ٹی او کا خرچ دوگنا دکھایا گیا ، اس کے علاوہ طبی آلات کے لیے 124,160روپے کی اضافی ادائیگی کی گئی۔
سابق وزیر نے الزام لگایا ہے کہ مالی سال 2020-21 میںوزیر اعلیٰ ایریا ڈیولپمنٹ اسکیم کے تحت ڈسٹرکٹ پلاننگ افسر کے ذریعہ ایمبولینس خریدی گئی تھی ، جبکہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ محکمہ کے سکریٹری کے تحت ایمبولینس کی خریداری نہیں کی گئی تھی۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وکرم کنور نے لکھا ہے کہ ایک ای کامرس کمپنی انڈیا مارٹ پر 60 ہزار کی قیمت والے وینٹی لیٹر کو 3.41لاکھ روپے میں خریدا گیا۔ 31ہزار روپے کے طبی آلات کو 1.18روپے میں خریدا گیا ۔ 8,500روپے کے سکشن مشین کو 33 ہزار روپے میں خریدا گیا ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایمبولینسوں میں سیٹ پارٹیشن پر 1.24لاکھ روپے خرچ کئے گئے ، مبینہ طور پر سات میں سے پانچ ایمبولینس وزیر اعلیٰ ایریا ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت خرید ی گئی تھی، یہ خریداری سرکار کے ای مارکیٹ پلس (جی ای ایم ) کے ذریعہ سے بھی نہیں کی گئی ، جو پانچ لاکھ سے زیادہ کے سامان کی خرید کے لیے لازمی ہے۔










