نئی دہلی: دہلی-این سی آر میں جمعرات کی صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کے جھٹکے صبح 9 بج کر 4 منٹ پر محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکوں کے باعث کئی علاقوں میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے ۔ ریکٹر اسکیل پرزلزلے کی شدت 4.4 درج کی گئی ۔ دھرتی تقریبًا 10 سیکنڈ تک ہلتی رہی ۔۔گھروں اور دفاتر میں بیٹھے لوگوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے۔ دہلی میٹرو کی خدمات احتیاطاً کچھ دیر کے لیے موقوف کردی گئی۔
نوئیڈا، غازی آباد، گروگرام سے لے کر گریٹر نوئیڈا تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ فی الحال کسی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔
زلزلے کی وجہ سے گھر میں رکھی چیزیں بھی ہلنے لگیں۔ یہ زلزلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب دہلی-این سی آر میں بارش ہو رہی ہے۔ بدھ سے دہلی-این سی آر میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ بارش کے باعث کئی مقامات پرسڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے اور ٹریفک جام ہوگیا جس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ اب زلزلے نے لوگوں کو مزید خوفزدہ کر دیا ہے دہلی-این سی آر کا علاقہ زلزلے کے لحاظ سے حساس مانا جاتا ہے، اسی لیے یہاں ایسے جھٹکے اکثر محسوس کیے جاتے ہیں۔








