اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپیڈ نے متحدہ عرب امارات روانہ ہونے سے قبل اپنے طیارے کے اندر کی ایک تصویر کے ساتھ ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا،”متحدہ عرب امارات کے تاریخی دورے کے لیے روانہ ہونے والا ہوں۔
یوں تو اسرائیلی وزراء ماضی میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کرچکے ہیں تاہم لیپیڈ اس خلیجی ریاست کا دورہ کرنے والے سینئر ترین اسرائیلی وزیر ہیں اور یہ کسی اسرائیلی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ بھی ہے۔
یائر لیپیڈ اپنے اس دورے کے دوران ابوظہبی میں اسرائیلی سفارت خانے اور دبئی میں اسرائیلی قونصل جنرل کے دفتر کا افتتاح کریں گے۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے،”اسرائیلی وفد آج ابوظبی پہنچے گا اور وزارت خارجہ میں اقتصادی امور کے وزیر اس کا خیر مقدم کریں گے۔‘
واضح رہے کہ یائر لیپیڈ وزیر خارجہ کے علاوہ اسرائیل کے متبادل وزیر اعظم بھی ہیں۔ نئی اتحادی حکومت کے سربراہ نیفتالی بینیٹ کے بعد معاہدے کے تحت لیپیڈ ہی اسرائیلی وزارت عظمی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔










