ایسے وقت جب امریکا افغانستان سے آئندہ ستمبر تک اپنے فورسز کے انخلا کے عمل میں مصروف ہے، جرمنی نے 29 جون منگل کے روز فوجیوں کا اپنا آخری دستہ واپس بلا لیا۔ گزشتہ ہفتے ہی جرمن وزیر دفاع نے ایک بیان میں کہا تھا کہ افغانستان میں تقریباً 570 فوجی اب بھی تعینات ہیں تاہم بدھ کے روز یہ سب واپس جرمنی پہنچ گئے۔
جرمن افواج کا آخری دستہ افغانستان کے شمالی شہر مزار شریف سے بذریعہ پرواز جرمنی روانہ ہوا اور اس کے ساتھ ہی افغانستان میں تقریباً دو عشروں پر مشتمل اس کے مشن کا اختتام ہو گیا۔ اس آخری دستے میں کے ایس کے سے وابستہ اسپیشل فورسز کے وہ ارکان بھی شامل تھے جنہیں انخلا کے دوران کیمپ کو محفوظ بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔










