نئی دہلی:
افغانستان سے امریکی فوج کے لوٹنے کے بعد سے وہاں کے بیشتر علاقوں میں پھر سے طالبان نے قبضہ کرلیا ہے۔ ایسے میں پورے ملک میں حالات تشویشناک ہیں۔ اس درمیان ہندوستان میں افغانستان کے سفیر نے کہا ہے کہ مستقبل میں اگر طالبان سے بات چیت ناکام رہتی ہے تو ان کا ملک ہندوستانی فوج سے مدد طلب کرسکتا ہے۔ حالانکہ انہوں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ یہ مدد فوج کو افغانستان بلانے کے طور پر نہیں بلکہ ٹریننگ اور تکنیکی مدد کے طور پر لی جائے گی۔
اس وقت طالبان نے افغانستان کے بیشتر علاقوں پر قبضہ کرنا شروع کردیا ہے۔ ایسے میں حکومت اور طالبان کے نمائندوں کے درمیان بات چیت چل رہی ہے۔ حالانکہ مانا جاتا ہے کہ دوحہ میں ہو رہی امن وامان کی میٹنگ کافی حد تک ناکام ہوگئی ہے اور طالبان اب پوری طرح سے فوجی جیت کے لئے تیار ہے۔
افغانستان کے سفیر فرید مامندزے نے میڈیا سے کہا ہے، ’اگر ہم طالبان کے ساتھ امن کے عمل میں ناکام ہوتے ہیں، تو ہوسکتا ہے کہ ہم ہندوستانی فوج کی مدد طلب کریں گے‘۔ وہ چاہتے ہیں کہ ہندوستان میں ان کے پائلٹوں کو ٹریننگ دی جائے۔










