نئی دہلی :
بی جے پی کو کانگریس، ترنمول کانگریس اور این سی پی سمیت پانچ جماعتوں کو ملنے والے کل عطیات سے تین گنا زیادہ رقم چندے میں ملی ہے۔ ایسی سی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز ( اے ڈی آر) نے اپنی رپورٹ میں یہ جانکاری دی ہے ۔
اس میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کو امراوتی میونسپل کارپوریشن سے بھی 4.80 لاکھ روپے کا عطیہ ملا ہے۔ اس میونسپل کارپوریشن میں میئر اور ڈپٹی میئر بی جے پی کے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی کو کم از کم تین عطیہ دہندگان سے بطور عطیہ زمین بھی ملی ہے۔
اے ڈی آر کے مطابق بی جے پی کے اعلان کردہ چندہ کانگریس ، این سی پی ، سی پی آئی ، سی پی ایم اور ترنمول کانگریس کو ملنے والے عطیات سے تین گنا زیادہ ہے۔ بی جے پی کو 785.77 کروڑ روپے ملے جبکہ ان پانچوں جماعتوں کو صرف 228.035 کروڑ روپے ہی چندہ ملا ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امراوتی میونسپل کارپوریشن سے ملنے والے عطیات کے سلسلے میں بی جے پی نے نہ تو پتہ ، نہ بینک کا نام ، نہ پین اور نہ ہی کوئی دوسری معلومات فراہم کی ہے۔
اس میں صرف مہاراشٹر حکومت کی مقامی تنظیم کو بطور ڈونر دکھایا گیا ہے۔ اس سے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے دی گئی رقم کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں کیونکہ اس پر ایک سیاسی جماعت بی جے پی کا راج ہے۔
بی جے پی نے 149.875 کروڑ روپے کے 570 عطیات ، اکھل بھارتیہ ترنمول کانگریس نے 7.1035 کروڑ روپے کے 52 ، کانگریس نے 2.6875کروڑ کے 25 اور این سی پی نے 3.005 کروڑ کے دو عطیات حاصل کئے۔ حالانکہ ان عطیات کے حوالے سے چیک ، ڈی ڈی کے بارے میں معلومات بھی آدھی ادھوری دی گئی ہے۔
ان میں بینک کی تفصیلات ، کب ملے اور کب اداکئے گئے وغیر ہ کی تاریخوں کا بھی ذکر نہیں ہے ۔ سی پی ایم اور سی پی آئی بھی ڈونر؛ کے چیک یا ڈی ڈی کی تفصیلات نہیں دی سکی۔ سی پی ایم کو 1.0786کروڑ کا عطیہ 39 ڈونرز اور سی پی آئی کو 52.17 لاکھکا عطیہ 29 ڈونرز سے وصول کئے ہے۔
رپورٹ کے مطابق بی جے پی نے تین ڈونرز سے زمین ملنے کا اعلان کیا ہے۔ ان زمینوں کی قیمت تقریباً 1.516کروڑ بتائی جاتی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ یہ تینوں عطیات بہار کے جھنجھارپور سے ہیں۔ ان زمینوں کی قیمت بالترتیب 36.80 لاکھ روپے ، 50 لاکھ روپے اور 64.88 لاکھ روپے ہے۔ جگہ اور ایک ڈونر کےپین کی جانکار ی کے علاوہ کوئی دیگر جانکاری نہیں دی گئی ہے ۔










