ممبئی: (ایجنسی)
بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان سے متعلق ممبئی کروز ڈرگس معاملے میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نئے افسر کو جانچ کا ذمہ سونپ سکتی ہے۔ فی الحال معاملے کی جانچ کر رہے سمیر وانکھیڑے کے خلاف ویجیلنس کا حکم دیا جاچکا ہے۔ این سی بی کے ذرائع نے نیوز 18 کو بتایا کہ آرین خان معاملے میں جانچ افسر سمیر وانکھیڑے کا موضوع پیر کو ایجنسی کے اعلیٰ افسران کی میٹنگ میں اٹھا۔ افسران کا ماننا تھا کہ چونکہ سمیر وانکھیڑے کے خلاف ویجیلنس جانچ کا حکم دیا گیا ہے، اس لئے ان کے ذریعہ معاملے کی جانچ رکھنا صحیح نہیں ہے۔ بدھ کو سی وی او گیانیشور سنگھ کے ممبئی دورے کے بعد ایجنسی آخری فیصلہ لے گی، لیکن اعلیٰ افسر تبدیلی پر غور کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پیر کو کروز شپ نشیلی اشیا معاملے کی جانچ کی قیادت کر رہے این سی بی کے ممبئی زونل سربراہ سمیر وانکھیڑے پیر کی شب قومی راجدھانی دہلی پہنچے۔ کروز شپ نشیلی اشیا معاملے میں سمیر وانکھیڑے سمیت ایجنسی کے کچھ افسران اور دیگر کے ذریعہ آرین خان کو چھوڑنے کے لئے 25 کروڑ روپئے کا مطالبہ کئے جانے کا ایک گواہ نے الزام عائد کیا تھا، جس کی ویجیلنس جانچ کے این سی بی کے حکم کے پیش نظر وہ (سمیر وانکھیڑے) دہلی آئے ہیں۔
افسر نے اتوار کو ممبئی پولیس کمشنر ہیمنت ناگرلے کو خط لکھ کر ان کے خلاف کچھ نامعلوم لوگوں کے ذریعہ ممکنہ قانونی کارروائی کا منصوبہ بنائے جانے سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ لوگ انہیں پھنسانا چاہتے ہیں۔ حالانکہ سمیر وانکھیڑے کو وصولی سے متعلق آزاد گواہ پربھاکر سیل کے ذریعہ کئے گئے سنسنی خیز دعوے پر ایک حلف نامہ کے سلسلسلے میں کوئی راحت نہیں مل پائی۔ عدالت نے کہا کہ وہ دستاویز پر نوٹس لینے سے عدالتوں کو روکنے کا حکم جاری نہیں کرسکتی۔
این سی بی نے خصوصی عدالت کے سامنے داخل حلف نامہ میں کہا کہ سمیر وانکھیڑے اور دیگر افسران کا سروس ریکارڈ بے داغ رہا ہے، لیکن سمیر وانکھیڑے پر وصولی کے الزام لگانے والے آزاد گواہ پربھاکر سیل کے حلف نامہ سے متعلق عدالت سے کوئی راحت نہیں مل سکی۔ وہیں اپنی جان کو خطرہ ہونے کا دعویٰ کرنے کے بعد مہاراشٹر حکومت نے پربھاکر سیل کو پولیس سیکورٹی مہیا کرائی ہے۔ این سی بی کے شمالی خطے کے ڈپٹی جنرل ڈائریکٹر گیانیشور سنگھ ویجلنس جانچ کریں گے۔ این سی بی اور سمیر وانکھیڑے کے الزامات کو لے کر خصوصی عدالت میں دو الگ الگ حلف نامے داخل کئے۔ معاملے میں آزاد گواہ پربھاکر سیل نے اتوار کو ایک حلف نامہ میں اور پھر صحافیوں کے سامنے دعویٰ کیا تھا کہ این سی بی کے ایک افسر اور کچھ دیگر لوگوں نے معاملے میں ملزم آرین خان کو چھوڑنے کے لئے 25 کروڑ روپئے کا مطالبہ کیا تھا۔